یمن: سعودی اتحادی افواج کا ایک بار پھر فضائی حملہ، 22 عام شہری ہلاک

رسائی نیوزویب ڈیسک:یمنی صوبے حجہ میں فضائی بمباری کے باعث بائیس عام شہری ہلاک ہوگئے، جن میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد نے حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا البتہ اس حملے میں یمنی شہری بھی مارے گئے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کی نمائندہ برائے یمن لیزا گرینڈ کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے کئی بچوں کو دارالحکومت صنعا بھیجا گیا ہے جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے حملے کے حوالے سے اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا، جبکہ اقوام متحدہ نے انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ رواں ہفتے حجہ کے شہر کشر سے تقریباً پانچ ہزار خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا تھا، حوثی باغیوں نے مذکورہ علاقے میں کئی ٹھکانے قائم کررکھے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں