ہمارے اوپر قائم تمام مقدمات جھوٹے ہیں : آصف زرداری

رسائی نیوز نمائندہ خصوصی کراچی: بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیر صدارت پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور اراکین اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 27 دسمبر کو بے نظٰیر شہید کی برسی کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں خورشید شاہ، قائم علی شاہ، قمر الزمان کائرہ، نثار احمد کھوڑو، مراد علی شاہ، علی مدد جتک، ہمایوں خان، چودھری لطیف سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہم مشکل حالات سے گھبرانے والے نہیں ہیں مشکل حالات میں ہم ہمیشہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوکر اُبھرتے ہیں جب کہ موجودہ حالات کو زیادہ مشکل وقت نہیں سمجھتا، اصل میں مشکل وقت تو وہ تھا جس کا سامنا شہید بی بی نے کیا اور ضیا جیسے بدترین آمر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ آصف زرداری نے اپنے اوپر قائم مقدمات کے حوالے سے کہا کہ ہمارے اوپر لگے تمام الزامات جھوٹے ہیں، جھوٹی اور بے بنیاد دستاویزات سے ہمیں دھمکایا نہیں جاسکتا، ہم برداشت کا بھی حوصلہ رکھتے ہیں اور اتنا حوصلہ ہے کہ ظلم کرنے والے تھک جائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کو ون یونٹ کی جانب دھکیلنے کی سازش کی جارہی ہے، ایک طرف پانی و گیس بند کردی گئی ہے جب کہ دوسری جانب صوبائی حکومت کو فنڈز بھی نہیں دیئے جارہے جب کہ کالاباغ ڈیم کی حمایت میں مہم چلائی گئی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شہید بھٹو نے ملک کو 1973ء کا آئین دیا لیکن آمروں نے متفقہ دستور کا حلیہ بگاڑدیا، ہم نے 18 ویں ترمیم کے ذریعے 1973ء کے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا، ہم 18 ترمیم کے معاملے پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں