کینیڈا کو پاکستانی برآمدات میں 9 ماہ کے دوران 32 فیصد اضافہ

اوٹاوا: رواں سال جنوری سے ستمبر تک کے عرصہ میں پاکستان سے کینیڈا بھجوائی گئی برآمدات میں32فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔حکومت کینیڈا کے اعداد و شمار کے مطابق موجودہ کیلنڈر ایئر کے پہلے 9ماہ میں پاکستان سے کینیڈا بھجوائی گئی برآمدات کا حجم 313ملین امریکی ڈالر تک پہنچ چکا ہے جبکہ پچھلے کلینڈر ایئر میں جنوری سے ستمبر تک کینیڈا بھجوائی گئی پاکستانی مصنوعات کا حجم 237.1ملین امریکی ڈالر رہا تھا۔یوں موجودہ کلینڈر ایئر کے پہلے9ماہ میں پاکستان سے کینیڈا بھجوائی گئی برآمدات میں 32 فیصد اضافہ ریکارڈ ہو چکا ہے۔

اس امر کا اظہار کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے منعقدہ ماہانہ ای کچہری کے دوران کیا گیا جس کا اہتمام کینیڈا میں پاکستان ہائی کمیشن نےٹورنٹو،وینکوور اور مانٹریال میں منعقدہ پاکستانی قونصل خانوں کی معاونت سے کیا۔

ای کچہری میں کینیڈا میں پاکستان کے سفیر امیر خرم راٹھور سمیت قو نصل جنرل آف پاکستان ٹورنٹو عبد الحمید، قونصل جنرل آف پاکستان مانٹریال اشتیاق احمد عاقل ، قونصل جنرل آف پاکستان وینکوور جانباز خان اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ای کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کینیڈا میں پاکستان کے سفیر امیر خرم راٹھور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں بیرون ملک پاکستانیوں کے کردار کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اسی بنا پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں انتخابی عمل میں شریک کرنے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے قانون سازی کی گئی ہے اور اس ضمن میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قانونی بل منظور کرایا گیا ہے جس کے نفاذ سے بیرونی ملک پاکستانی آئندہ انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔

اس سے قبل ویبینارکے شرکا کو بتایا گیا کہ پاکستان ہائی کمیشن کینیڈا کی جانب سے 23 نومبر کو کینیڈا اور پاکستانی کے تعلمی ماہرین ، کنسلٹنٹس کے اشتراک سے ایک آن لائن تعلیمی نمائش کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے پاکستانی طلبا و طالبات کو کینیڈا کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع اور بالخصوص کینیڈین حکومت کی جاری کردہ سٹوڈنٹ ڈائریکٹ سٹریم کے ذریعے پاکستانی طلبا و طالبات کو سٹوڈنٹ ویزا کی آسان فراہمی کے حوالے سے معلومات فراہم کی جائیں گی۔

ای کچہری کے دوران حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ عوامی اور قونصلر خدمات کی بروقت فراہمی کے حوالے سے کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کے جملہ سوالات کے تفصیلی جوابات دیے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں