کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی بے قابو آگ سے ہلاکتیں 42 تک پہنچ گئیں

رسائی نیوز ویب ڈیسک :کیلیفورنیا میں تین مقامات پر جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے جس نے شہری آبادی کو بھی لپیٹ میں لے رکھا ہے، تیز ہواؤں کے باعث فائر فائٹنگ عملے کو آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ریسکیو عملے کو شمالی علاقے سے گزشتہ روز 6 اور آج مزید 13 افراد کی لاشیں مل گئیں جس کے بعد ریاست بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 42 ہوگئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کیمپ فائر کی آگ ایک لاکھ 17 ہزار ایکڑ تک پھیلی ہوئی ہے جس کی لپیٹ میں آ کر 7 ہزار عمارتیں اور مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔ کیمپ فائر کو ریاست کی تاریخ کی بدترین آگ قرار دیا جا رہا ہے جب کہ آگ لگنے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات بھی جاری ہے۔ کیلیفورنیا کے محکمہ جنگلات ذرائع کے مطابق جمعرات 8 نومبر کو پیراڈائز ٹاؤن میں لگنے والی آگ نے اب تک ایک لاکھ 9 ہزار ایکڑ سے زائد علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور 6 ہزار 400 سے زائد رہائشیوں کی املاک کو نقصان پہنچا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں