چینی سائنس دانوں کا جینیاتی طور پر تبدیل شدہ اولین بچوں کی پیدائش کا دعویٰ

رسائی نیوز ویب ڈیسک : شینزن میں واقع سدرن یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پروفیسر ہی جیان کوئی نے بتایا کہ اس ماہ دو جڑواں بچیوں نے جنم لیا ہے جن کا ڈی این اے کرسپر ٹیکنالوجی سے بدلا گیا ہے۔ ماہرین نے کہا کہ انسانی بیضے (ایمبریو) کو حد درجہ درستی کے ساتھ جینیاتی طور پر ایڈٹ کیا جاسکتا ہے جو حیاتیاتی انجینئرنگ کا ایک بہت اہم پہلو بھی ہے، اب کرسپر ٹیکنالوجی نے اس عمل کو بہت آسان اور تیز رفتار بنا دیا ہے۔

جین ایڈیٹنگ ٹول ’کرسپر‘ اگر ایک امید ہے تو دوسری جانب ایک خوفناک خواب بھی کیونکہ ہم ابھی تک تمام جین سے واقف نہیں اور خود معلومہ جین کے دیگر ممکنہ اور خفیہ افعال سے بھی ناواقف ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے ترقی یافتہ ممالک میں انسانی کلوننگ اور انسانوں میں پیدائش سے قبل ڈی این اے تبدیلی پر پابندی ہے۔

ڈاکٹر ہی جیان کوئی نے کہا کہ ’میں مکمل ذمے داری لیتا ہوں کہ یہ جڑواں بچیاں نہ صرف پہلا تجربہ ہیں بلکہ انہیں قابلِ تقلید پہلی مثال بھی بنایا جائے گا۔‘

اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ بچوں میں کس طرح کی تبدیلیاں کی گئیں لیکن بعض افراد کے مطابق ان دونوں بچوں میں سی سی آر فائیو جین بند کردیا گیا ہے جو انہیں ایڈز اور ایچ آئی وی سے محفوظ رکھے گا۔

بعض ماہرین کے مطابق اس جین کو خاموش کرانے کے بعد انسان چیچک اور ہیضے سے بھی محفوظ رہ سکتا ہے۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ ٹیسٹ ٹیوب یا آئی وی ایف عمل کے دوران اس نے سات جوڑوں کی اولادوں میں سی سی آر فائیو جین بند کیا ہے جس میں سے ایک ولادت میں دو جڑواں بیٹیاں ہوئی ہیں۔

دوسری جانب ماہرین نے اس عمل پر شدید تنقید کی ہے۔ ان کا خیال ہے کہ ابھی اس عمل کی مزید سائنسی کھوج ضروری ہے اور دوسری جانب خود ماہرین اس متنازع عمل کا کوئی اخلاقی فریم ورک نہیں بناسکے ہیں۔

ساؤتھ آسٹریلیئن ہیلتھ اینڈ میڈیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں تولیدی حیاتیات کی ماہر ڈاکٹر ہانا براؤن اس عمل میں شامل نہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ یہ (جینیاتی) ایڈیٹنگ غیر ضروری ہے کیونکہ بہت سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد پہلے ہی ایچ آئی وی سے محفوظ ہے اور اس کا بچاؤ بھی ممکن ہے۔ انہوں نے ایسے بچوں کی پیدائش کو خطرے کی گھنٹی بھی قرار دیا ہے۔

دیگر ماہرین نے کہا ہے کہ کرسپر ایک نئی ٹیکنالوجی ہے اور اس کے 100 فیصد محفوظ ہونے کی ضمانت نہیں دی جاسکتی اور اس کا منفی اثر مستقبل کی نسلوں پر ہوسکتا ہے اگرچہ کرسپر میں جینیاتی ایڈیٹنگ کی بہترین صلاحیت موجود ہے لیکن بہت طویل عرصے تک اس کے اثرات کو جاننا ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں