پی ٹی آئی‘ پاکستان مسلم لیگ (ن)‘ پیپلز پارٹی اور اے این پی نے اپنے سینیٹ کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ‏تحریک انصاف نے سینٹ کی زیادہ تر نشستوں پر اپنے امیدواروں کے نام فائنل کر لئے ہیں۔جمعہ کو ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ اسلام آباد سے عبدالحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد تحریک انصاف کی امیدوار فائنل کی گئی ہیں۔‏سندھ سے فیصل واوڈا سینٹ کا الیکشن لڑیں گے اور ٹیکنو کریٹ نشست پر سیف اللہ ابڑو تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے۔ جبکہ بلوچستان سے عبدالقادر کا نام فائنل کیا گیا ہے‏۔پنجاب سےسیف اللہ نیازی ڈاکٹر زرقا اور بیرسٹر علی ظفر امیدوار ہوں گے، باقی نشستوں کا اعلان بعد میں ہو گا۔‏خیبر پختونخوا سے شبلی فراز، محسن عزیز، دوست محمد، ثانیہ نشتر اور فرزانہ کا نام حتمی فہرست میں شامل کیا گیا ہے باقی نشستوں پر اعلان بعد میں ہو گا۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے سینیٹ کی جنرل نشستوں کیلئے پرویز رشید ، مشاہداللہ اور اعظم نذیر تارڑ کے نام فائنل کرلیے گئے۔ اس حوالے سے ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ نےسینیٹ میں پارٹی ٹکٹ کیلئےناموں کوحتمی شکل دے دی ہے۔مریم اورنگزیب کے مطابق پارلیمانی بورڈ نےصوبہ پنجاب سے پارٹی کے 5 رہنماؤں کے ناموں کی منظوری دے دی ہے، ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پر اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ جنرل سیٹ پر پرویز رشید، مشاہداللہ خان اور پروفیسر ساجد میر کے ناموں کی منظوری دی گئی ہے جبکہ خواتین کی نشست پر بیرسٹر سعدیہ عباسی کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پیپلزپارٹی کے بورڈ کی جانب سے اسینٹ الیکشن میں پارٹی کے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیے گئے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی اسلام آباد سے سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار کی تجویز ہے جبکہ خیبر پختونخوا سے فرحت اللہ بابر پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔ترجمان کے مطابق سندھ سے جام مہتاب ڈہر، تاج حیدر، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان اور شہادت اعوان امیدوار ہوں گے۔ٹیکنو کریٹ کی نشست پر فاروق نائیک، شہادت اعوان اورکریم خواجہ امیدوار ہوں گے۔خواتین کی نشستوں پر خواتین نشستوں پر پلوشہ خان، اور خیرالنساء مغل پیپلزپارٹی کی امیدوار ہوں گی جبکہ رخسانہ شاہ کورنگ امیدوار ہوں گی۔ترجمان نے بتایا کہ پنجاب میں جنرل نشست پر عظیم الحق منہاس پیپلزپارٹی کے امیدوار ہوں گے۔

عوامی نیشنل پارٹی نے سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں حاجی ہدایت اللہ کو ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پشاور میں چیئرمین صوبائی پارلیمانی بورڈ و عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری پارلیمانی بورڈ سردارحسین بابک، ثمرہارون بلور، خادم حسین اور شاہی خان شیرانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے حاجی ہدایت اللہ خان کو جنرل نشست پر ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہےکہ ملک میں سینیٹ کے انتخابات 3 مارچ کو ہوں گے جس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنا شروع کردیے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں