پنجاب میں یکم سے 12ربیع الاول تک عشرہ شان رحمت اللعالمین منایا جائے گا، خصوصی تقریبات، محافل ہوں گی،وزیر اعلی عثمان بزدار کی پریس کانفرنس

لاہور۔: وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بز دار نے کہا ہے کہ شان رحمت اللعالمین بیان کرنے کا حق ادا کرنے کیلئے نہ کوئی قلم ہے اورنہ کوئی زبان،نبی آخرالزماں حضرت محمد کی تعریف وتوصیف بیان کرنابہت بڑا اعزاز اور انعام ہے،انسان تو انسان، فرشتے بھی نبی کریم پردرودوسلام بھیجتے ہیں اور تاقیامت بھیجتے رہیں گے،

ہر مسلمان حضرت محمد کی شان بیان کرنا اپنے لئے سعادت سمجھتا ہے،سابق روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے شان رحمت اللعالمین بیان کرنے کے لیے پورا عشرہ مخصوص کیا ہے،12 روزہ تقریبا ت حضرت محمد کی شان بیان کرنے کیلئے کافی نہیں لیکن دنیا کو بتانا چاہتے ہیں ہم دل و جان سے حضرت محمد پر فدا ہیں اوران کی عظمت کسی بھی دنیاوی امر سے بالاتر ہے،پنجاب میں یکم ربیع الاول سے 12ربیع الاول تک عشرہ شان رحمت اللعالمین منایا جائے گا

،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سٹاف کو اعلی کارکردگی پر رحمت اللعالمین سے منسوب میڈل دیئے جائیں گے،پنجاب کی جیلو ں میں عشرہ شان رحمت اللعالمین کے دوران قیدیوں اور سٹاف کے لیے پریزن پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔

وہ جمعہ کو 8کلب ایوان وزیر اعلی میں عشرہ شان رحمت اللعالمین منانے کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر صوبائی وزرا راجہ بشارت، پیر سید سعیدالحسن شاہ، راجہ یاسر ہمایوں، مراد راس، معاون خصوصی اطلاعات حسان خاور، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی، سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری سکول ایجوکیشن اورمتعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ عشرہ شان رحمت اللعالمین کے دوران کورونا ایس او پیز کے مطابق تقریبات منعقد کی جائیں گی۔اس دوران مرکزی رحمت اللعالمین کانفرنس، عالمی مشائخ علما کانفرنس، انٹرنیشنل میلاد مصطفی کا انعقاد کیا جائے گا،صوبائی سطح پر نعتیہ مشاعرہ اور مقابلہ حسن نعت اور دیگر تقاریب منعقد ہوں گی۔

تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر شان رحمت اللعالمین کے حوالے سے خصوصی تقریبات، محافل ہوں گی۔صوبہ بھر میں خطاطی کی نمائشیں اور مقابلے منعقد ہوں گے۔پناہ گاہوں، ہسپتالوں، یتیم خانوں اور اولڈ ہائوسز میں خصوصی کھانے پیش کیے جائیں گے۔

صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی متعلقہ اضلاع میں عشرہ شان رحمت اللعالمین کی تقریبات میں شریک ہوں گے۔عشرہ شان رحمت اللعالمین کے دوران خصوصی ڈاکومنٹری بھی تیار کی جائے گی۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ شان رحمت اللعالمین بیان کرنے کا حق ادا کرنے کیلئے نہ کوئی قلم اورنہ کوئی زبان ہے۔

انہوں نے کہا کہ نبی آخرالزماں حضرت محمد کی تعریف وتوصیف بیان کرنابہت بڑا اعزاز اور انعام ہے۔انسان تو انسان، فرشتے بھی نبی کریم پردرودوسلام بھیجتے ہیں اور تاقیامت بھیجتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں رحمت اللعالمین سکالرشپ سکیم جاری ہے۔ذہین اورمستحق طلبا کو 27کروڑ38لاکھ روپے کے 10574رحمت اللعالمین سکالر شپس دی جا چکی ہیں۔پیف کے تحت 677مزید رحمت اللعالمین سکالرشپ دیئے جائیں گے۔حکومت پنجاب رواں سال 83کروڑ40لاکھ روپے کے 29142رحمت اللعالمین سکالر شپ دے گی۔

بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور،غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد،یونیورسٹی آف چکوال اور اوکاڑہ یونیورسٹی میں سیرت چیئر قائم ہوچکی ہے۔سیرت چیئر کے تحت محققین کو ریسرچ کے لئے معاونت فراہم کی جائے گی۔عشرہ رحمت اللعالمین میں طلبہ سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی شمولیت کو یقینی بنانے کی کوششیں کی گئی ہیں۔

نسل نوکواسوہ حسنہ سے روشناس کرانے کیلئے کوشاں ہیں اور یقیناً میڈیا شان رحمت اللعالمین بیان کرنے کی سعادت حاصل کرنے کی حکومت پنجاب کی کاوش میں بھر پور تعاون کرے گا۔عشرہ شان رحمت اللعالمین منا کر دنیا کو پیغام دیں گے حضرت محمد کی عظمت انسانی سوچ اورخیال سے بالاتر ہے۔حضرت محمدخاتم النبین ہیں اور آپ کی شان پر دنیا جہان قربان ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 36اضلاع میں عشرہ شان رحمت اللعالمین کے تحت تقریبات ہوں گی۔رحمت اللعالمین سکالرشپ کیلئے گزشتہ برس 50کروڑرکھے گئےجسے روا ں برس بڑھا کر ایک ارب روپے کر دیا گیا ہے۔عشرہ شان رحمت اللعالمین منانے کیلئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔ قیدیوں اور جیل ملازمین کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔5سیکرٹریز کوسالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فنڈز کے کم استعمال پر نوٹس دیئے ہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ فنڈز کا بروقت اور درست استعمال یقینی بنایا جائے۔اچھی پرفارمنس پر افسران کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ فیاض الحسن چوہان جیل کے وزیر ہیں اور وہ اچھا کام کر رہے ہیں۔فیاض الحسن چوہان کی سربراہی میں جیل خانہ جات کے محکمہ میں دوررس اصلاحات ہو رہی ہیں اور وہ کام ہو رہا ہے جوسو سال سے نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حسان خاورکو معاون خصوصی برائے اطلاعات کی ذمہ داری دی گئی ہے۔صوبائی وزرا کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیتا ہوں۔

ہماری حکومت کی کارکردگی سابق ادوار کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔مہنگائی پر قابوپانے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔ پرائس کنٹرول نظام کو مزید موثر بنائیں گے۔پرائس کنٹرول کے حوالے سے اضلاع کی کارکرگی کو مانیٹر کیا جائے گا،اچھی کارکردگی پر انعام دیں گے اور خراب کارکرگی پر جواب طلبی ہو گی کوینکہ ہم یہاں عوام کی خدمت اور انہیں ریلیف دینے کے لئے آئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں