پنجاب حکومت کھیلوں اور تفریح سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کھیلوں اور تفریح سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کی ملاقات ہوئی جس میں صوبے میں کرکٹ کے فروغ کے لئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔

عثمان بزدار نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں حارث رؤف اور شاہین آفریدی کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے ٹی 20ورلڈ کپ میں یاد گار کھیل پیش کر کے قوم کے دل جیت لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد آصف اور دیگر کھلاڑیوں نے بھی ورلڈ کپ میں بہترین کھیل پیش کیا ہے، بھارت سے جیت کی خوشی ابھی تک برقرار ہے، یقین ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم اس بار ورلڈ کپ جیت کر واپس آئے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز نے کرکٹ کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے مثالی اقدامات کیے ہیں، لاہور قلندرز کے ہائی پرفارمنس سینٹر کا جلد دورہ کروں گا، لاہور قلندرز کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے پروگرام کو سپورٹ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب سپورٹس بورڈ اور لاہور قلندرز کے مابین کرکٹ کے نچلی سطح پر فروغ کے لئے تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیکرٹری کھیل کو اس ضمن میں جلد حتمی پلان پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کھیلوں او رتفریح سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کوشاں ہے، حکومت فیصل آباد اور سیالکوٹ میں ہائی پرفارمنس سینٹر قائم کررہی ہے اور صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے جامع سپورٹس پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب عاطف رانا نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو لاہور قلندرز کے ہائی پرفارمنس سینٹر اور کرکٹ کے مقابلے لاہور میں محلے کی سطح پر کروانے کے پروگرام سے آگاہ کیا۔ واضح رہے کہ صوبائی وزراء اسد کھوکھر، اعجاز عالم، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری کھیل، ڈی جی پنجاب سپورٹس بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں