پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ ، پاکستانی سفارتخانے میں چین اور پاکستان کے نوجوانوں کے مابین فٹ بال میچ کا انعقاد ، کھیلوں کی سرگر میوں سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ ملے گا ، پاکستانی سفیرمعین الحق

بیجنگ۔: پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے حوالے سےپاکستانی سفارتخانے میں چین اور پاکستان کے نوجوانوں کے مابین چین پاکستان یوتھ سوکر ڈریم میچ 2021 کھیلا گیا ۔ منگل کو کھیلے جانے والے میچ کا انعقاد پاکستانی سفارتخانے،خارجہ امور کی تنظیم چائنیز پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈ شپ ود فارن کنٹریز اور چائنا فرینڈ شپ فائونڈیشن برائے امن اور ترقی نے مشترکہ طور پرکیاجس میں پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ(پی ای سی بی) اور بیجنگ گوائون فٹ بال کلب کی انڈر۔ 14ٹیموں نے شرکت کی۔ اس موقع پر چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے دوستانہ میچ میں شرکت پر ٹیم کا شکریہ ادا کیااور امید ظاہر کی کہ کھیلوں کی سرگرمیاں دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان رابطوں کو فروغ دیں گی اور دونوں ممالک کے نوجوانوں کے درمیان تفہیم کو مزید گہرا کریں گی۔

اس موقع پر چائنا فرینڈ شپ فائونڈیشن برائے امن اور ترقی کے سیکرٹری جنرل وانگ لانگ شی نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان مشکل اور اچھے ہر قسم کے حالات میں سٹریٹجک کوآپریٹو شراکت دار ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تما م شعبوں میں تعاون مزیدمضبوط ہو نے کے ساتھ ساتھ اسے فروغ حاصل ہو رہا ہے۔

ہم دونوں ممالک کے درمیان فٹ بال کو فروغ دینے کے منتظر ہیں۔ اس موقع پر ثقافت اور اقتصادی ترقی کے مرکز چائنا ڈویلپمنٹ الائنس کی ایگزیکٹو نائب ڈائریکٹر جیانگ یو نے کہا کہ یہ میچ دونوں ممالک میں فٹ بال کو مقبولیت دینے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے درمیان روابط کے فروغ اور نوجوانوں کے درمیان تفہیم کو بڑھانے میں مدد دے گا۔

میچ کے آخر میں پاکستانی سفارتکار نے فاتح ٹیم میں انعامات اور آرگنائزنگ کمیٹی کو تعریفی اسناد پیش کیں ۔ بعدازاں دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

میچ کی تقریب میں پاکستانی مشن کے نائب سربراہ احمد فاروق، وزیر کمیونٹی ویلفیئر اعجاز احمد، چائنا فرینڈ شپ فائونڈیشن برائے امن و ترقی کے ڈائریکٹر یانگ گانگ، چائنیز چلڈرن کیئر ایسوسی ایشن برائے نوجوانوں کی جمالیاتی تعلیم اور کھیلوں کے خصوصی فنڈ کے ڈائریکٹرگیو زی گنگ ، انٹرینشینل فرینڈ شپ سٹی یوتھ فٹ بال میچ کی آرگنائزنگ کمیٹی کی سیکرٹری جنرل زو لیمین اور پی ای سی بی کی پرنسپل شازیہ امجد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں