پاکستان کی برآمدات میں رواں مالی کے دوران 33 فیصد اضافہ ہوا ، عبدالرزاق دائود

اسلام آباد۔: وزیراعظم کےمشیربرائے تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ مجھے بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے، رواں مالی کے دوران برآمدات میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جمعرات کو یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا ، برطانیہ اور چین کو رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو رواں مالی سال برآمدات میں 33 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، مالی سال کے چار ماہ میں امریکہ کو 2 ارب 8 کروڑ ڈالر کی برآمدات ہوئی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 1 ارب 55 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی برآمدات ہوئی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ چین کو پاکستانی برآمدات 82 فیصد اضافہ سے 935 ملین ڈالر کی رہی ہیں جو گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں چین کو 514 ملین ڈالر تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ برطانیہ کو پاکستانی برآمدات 11 فیصد اضافہ سے 742 ملین ڈالر کی رہی ہیں جو گزشتہ مالی اسی عرصے میں برطانیہ کو پاکستانی برآمدات 669 ملین ڈالر کی تھیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جولائی تا اکتوبر پاکستانی برآمدات 24.7 فیصد اضافہ سے 9.44 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں پاکستانی برآمدات 7.57 ارب ڈالر کی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں پاکستانی برآمدات میں 2 ارب ڈالر کا اضافہ سامنے آیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں