پاکستان کا بھارتی دراندازی کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ

رسائی نیوزنمائندہ خصوصی اسلام آباد: بھارتی فضائیہ کی جانب سے گزشتہ رات لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور آزاد کشمیر میں دراندازی کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک سمیت اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں بھارتی دراندازی کی بعد کی صورتحال پر جائزہ لیے جانے کے ساتھ وزیراعظم کو تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی جب کہ عسکری قیادت نے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں بھارتی فضائی دراندازی کا معاملہ فوری طور پر عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی معاملے کو عالمی سطح پر اٹھانے کے لیے رابطے کریں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کے لیے مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا۔یاد رہے کہ بھارتی فضائیہ کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں دراندازی کی کوشش کی گئی لیکن پاک فضائیہ کی بروقت اور موثر کارروائی کے نتیجے میں بھارتی فضائیہ کے طیارے دم دباکر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں