پاکستان ڈیجیٹل معیشت، تجارت اور ڈیجیٹل صنعتوں کی جامع تبدیلی اور ترقی کے لیے ڈی سی او کے ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ڈی سی او کے سیکرٹری جنرل دیمے ال یحییٰ سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل معیشت، تجارت اور ڈیجیٹل صنعتوں کی جامع تبدیلی اور ترقی کے لئے ڈی سی او کے ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔یہ بات انہوں نے ڈیجیٹل تعاون تنظیم (ڈی سی او) کی سیکرٹری جنرل دیمے ال یحییٰ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے تناظر میں، ایک بانی رکن کے طور پر ڈی سی او کو ایک اہم پلیٹ فارم سمجھتا اور سعودی عرب کی طرف سے تجویز کردہ، ڈی سی او کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل تبدیلی کے مشترکہ مقصد کو حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے آئی سی ٹی کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے مشترکہ اقدامات کے فروغ کا متمنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ڈی سی او کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، سائنس،صحت، تعلیمی، تجارتی ، سماجی زرعی، سرمایہ کاری اور سکیورٹی کے شعبوں میں عالمی ڈیجیٹل ایجنڈے کو فروغ دینے کے لیے یہ ایک قابل عمل پلیٹ فارم ثابت ہو سکتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل معیشت، تجارت اور ڈیجیٹل صنعتوں کی جامع تبدیلی اور ترقی کے لیے ڈی سی او کے ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت اور تربیت یافتہ انسانی وسائل کے پیش نظر، ڈی سی او کی رکنیت ہمارے ترقیاتی اہداف کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے،پاکستان ایک بین الاقوامی تنظیم کے طور پر، ڈی سی او کی بڑھتی ہوئی ساکھ کو سراہتا ہے اور اس میں شمولیت پر آمادگی کا اظہار کرنے والے نئے رکن ممالک کے داخلے کی حمایت کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں