پاکستان باآسانی بھارت کو اپ سیٹ کرسکتا ہے، سابق آل راؤنڈر جنوبی افریقہ

جنوبی افریقہ کے سابق آل راؤنڈر لانس کلوزنر کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم روایتی حریف کو باآسانی شکت دینے کی اہلیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان آئندہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران بھارت کو اپ سیٹ کر سکتا ہے بشرطیکہ وہ اپنا بہترین کھیل پیش کرے۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران پاکستان اور بھارت 24 اکتوبر کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گے ۔

کلوزنر نے ٹائمز آف انڈیا کو دیے ایک انٹرویو کے دوران کہا یہ میچ سب کے لیے ہی یادگار ہوگا۔ سابق جنوبی افریقی کھلاڑی نے کہا کہ پاک بھارت ٹاکرا ہمیشہ سے ایک بہت بڑا کھیل رہا ہے، خاص طور پر ورلڈ کپ جیسے بڑے مقابلوں میں اس کی الگ ہی اہمیت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے ایک طویل سفر طے کیا ہے اور کچھ بہترین بلے باز تیار کیے ہیں۔

کلوزنر نے کہا کہ پاکستان کی بولنگ ہمیشہ سے ہی چیلنجنگ ہوتی ہے لہذا اگر پاکستان ٹیم بہترین کھیل پیش کرے گی تو یقیناً فتح انہی کی ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں