پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، اپوزیشن نے اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے معاملے پر اپوزیشن نے اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں نے حکومتی اقدامات روکنے کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اسٹیئرنگ کمیٹی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ممکنہ حکومتی قانون سازی روکنے کیلئے حکمت عملی بنائے گی۔ کمیٹی میں مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، جمعیت علمائے اسلام، اے این پی، نیشنل پارٹی، بی این پی سمیت دیگراپوزیشن جماعتوں کے رہنما شامل ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے جانے سےمتعلق حتمی مشاورت کی گئی اور 11 نومبر کو صبح 11 بجے اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ممکنہ قانون سازی پر کابینہ ارکان کو بریفنگ دی اور کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں انتخابی و قانونی اصلاحات، الیکٹرانک ووٹنگ اور ادارہ جاتی اصلاحات پر قانون سازی کروائی جائے گی۔ بابر اعوان نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھارتی جاسوس کلبھوشن کیس سے متعلق قانون سازی بھی کروائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں