ٹی20 ورلڈ کپ: کیا عاطف اسلم پاکستان کا آفیشل ترانہ گائیں گے؟

ٹی 20 ورلڈ کپ آئندہ چند روز میں شروع ہورہا ہے اور سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ معروف گلوکار عاطف اسلم ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کے لیے ترانہ گائیں گے۔ حال ہی میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ٹوئٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ عاطف اسلم ٹی 20 ورلڈ کپ کا آفیشل ترانہ گانا گائیں گے۔ سوشل میڈیا پر یہ دعوے بھی کیے جارہے ہیں کہ پاکستانی ٹیم کے کرکٹرز بھی اس ترانے کی میوزک ویڈیو میں شامل ہوں گے جس میں کپتان بابر اعظم بھی شامل ہیں۔ عاطف اسلم کی ایک تصویر بھی گردش کررہی ہے جس میں وہ ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹرافی کے ساتھ موجود ہیں۔ فلک شیر نامی صارف نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’عاطف اسلم پاکستان کے لیے ٹی 20 ورلڈ کپ کا آفیشل ترانہ گائیں گے’۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’بابر اعظم اور دیگر کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے’۔ وقار نامی صارف نے کہا کہ ’عاطف اسلم پاکستان آفیشل ٹی20 ورلڈ کپ ترانہ گائیں گے، بابر اعظم بھی اس کا حصہ ہوں گے’۔ معراج نامی صارف نے بھی ٹوئٹر پر اس حوالے سے ٹوئٹ کی اور دعویٰ کیا کہ اس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ تاہم گلوکار عاطف اسلم کی جانب سے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کا آفیشل ترانہ گانے سے متعلق دعووں کی کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔ خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے ہوگا اور ایونٹ کے میچز عمان میں بھی ہوں گے اور کپ 14 نومبر تک جاری رہے گا۔ اس مرتبہ ٹی ٹوئنٹی کپ میں مجموعی طور پر 16 ٹیمیں میدان میں اتریں گی، جن میں 12 بڑی ٹیموں کو آئی سی سی نے سپر ٹیمز کا نام دیا ہے۔ مذکورہ ایونٹ کا انعقاد 2020 کے آخر میں آسٹریلیا میں ہونا تھا مگر کورونا کی وبا کی وجہ سے اس کی میزبانی بھارت کو دی گئی تھی مگر وہاں بھی وبا کے باعث ایونٹ کا انعقاد نہیں ہو سکا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں