ٹی20:بنگلادیش کےہاتھوں آسٹریلیا کوپہلی بارسیریز میں شکست

بنگلادیش کرکٹ ٹیم نے تاریخ رقم کردی، پہلی بار آسٹریلیا کو سیریز میں شکست دیدی۔ بنگلادیش اور آسٹریلیا کے مابین کھیلی جارہی سیریز میں بنگلال ٹائیگرز نے محموداللہ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کو لگاتار تیسرے ٹی20 میچ میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔
میرپور کے شیربنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگال ٹائیگرز کا آغاز اچھا نہ رہا اور ابتدائی دو وکٹیں محض 3 رنز پر گرگئیں تاہم شکیب الحسن اور محمود اللہ نے اسکور لو 47 تک پہنچایا، شکیب 26 رنز بنا کر زامپا کی دوسری وکٹ بنے۔ محموداللہ نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی، بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس نے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ جوش ہیزل وُڈ اور زامپا کے نام دو، دو وکٹیں رہیں۔ آسٹریلیا نے 128 رنز کے آسان نظر آنے والے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو قائم مقام کپتان میتھیو ویڈ ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ جس کے بعد آنے والے بلےباز بین ڈرموٹ نے اننگز کو سست کردیا انہوں مچل مارش کے ساتھ 64 رنز کی شراکت داری کی لیکن وہ جیت کےلیے ناکام ثابت ہوئی۔ میچ میں شکست کے ساتھ ہی آسٹریلیا کی ٹیم 5 ٹی20 میچوں کی سیریز بھی گنوا بیٹھی ہے اور یہ بنگلادیش کی کھیل کے کسی بھی فارمیٹ میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پہلی فتح ہے۔ یہ آسٹریلیا کو ٹی20 کرکٹ میں لگاتار پانچویں سیریز میں شکست ہوئی ہے جہاں اس سے قبل وہ انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز سے بھی سیریز ہار چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں