ٹھگ آف ہندوستان کی ناکامی سے شاہ رخ خان افسردہ

رسائی نیو ویب ڈیسک: شاہ رخ خان نے اپنے دوست عامرخان کی فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ کی ناکامی پر بات کرتے ہوئے کہا فلم کے ساتھ جو کچھ ہوا اسے دیکھ کر دل ٹوٹ گیا کچھ لوگ فلم کے ساتھ بہت ہی سختی سے پیش آئے۔ کنگ خان نے کہا کہ میں کچھ کہنا چاہتا ہوں مجھے نہیں معلوم یہ کہنا صحیح ہوگا یا غلط لیکن میں پھربھی یہ بات شیئرکرنا چاہتا ہوں کہ جب میرے ساتھ ایسا ہوا تھا تو مجھے اتنا برا نہیں لگا تھا لیکن مجھے عامرخان کے لیے بہت برا لگ رہا ہے، ایک فلم اچھی بھی ہوسکتی ہے اور بری بھی کوئی بھی یہ دعویٰ نہیں کرتا کہ میں نے دنیا کی سب سے اچھی فلم بنائی ہے۔ اداکار نے کہا کہ مسٹربچن اورعامر خان کا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے ہمیشہ سینما کی بہتری کے لیے کام کیا ہے، عامرخان نے گزشتہ 10 برسوں میں ہندی سینما میں اپنی بہترین خدمات دی ہیں لہٰذا اب جب ان کی فلم لوگوں کی امیدوں پرپوری نہیں اتری تو ہمیں یہ بھول جانا چاہئے کہ انہوں نے سینما کے لیے کیا کیا؟ مجھے لگتا ہے کچھ لوگوں نے فلم کے لیے بہت سخت الفاظ استعمال کیے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان کا حوصلہ ٹوٹ گیا وہ بہترین آرٹسٹ ہیں اوربہترین پروجیکٹ کے ساتھ واپس آئیں گے۔ شاہ رخ خان نے مزید کہا میں عامرخان کو گزشتہ 20 برسوں سے جانتا ہوں، عامر کبھی بھی ایسی فلم نہیں کرتا جس میں وہ اپنی بہترین پرفارمنس نہ دے شاید ہی کوئی ایسا ہو جوعامر سے زیادہ محنت کرتا ہو جب کہ عامربھی میری اس بات سے اتفاق کرے گا۔ یاد رہے 325 کروڑ کے بڑے بجٹ سے بننے والی فلم ’ ٹھگ آف ہندوستان ‘ باکس آفس پرناکام ہوگئی ہے، فلم میں عامر خان، امیتابھ بچن، کترینہ کیف اورفاطمہ ثنا شیخ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں