وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نےایم ڈی پی ٹی وی کے خلاف تحقیقات کیلئے آئی جی اسلام آباد کو خط لکھ دیا۔

رسائی نیوزاسلام آباد:نمائندہ رسائی نیوز کے مطابق سرکاری ٹی وی کے اکاؤنٹس سے رقم کی بڑے پیمانے پر منتقلی کے معاملے پر وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان پر ایف آئی آر درج کرانے کا حکم دے دیا اور رقم کی منتقلی کے معاملات کی تحقیقات کی ہدایت کردی۔وزیر اطلاعات کی جانب سے وفاقی پولیس کے سربراہ کو خط میں لکھا گیا ہے کہ پی ٹی وی کے کھاتوں سے بھاری ادائیگیاں کی گئی ہیں، ادارے کے اکاؤنٹس سے 31 لاکھ 80 ہزار اور 17 لاکھ 60 ہزار روپے کے مشکوک چیک کیش کروائے گئے، پی ٹی وی اکاؤنٹس سے رقم کی منتقلی ضابطہ فوجداری کا مقدمہ بنتا ہے، معاملے کی میرٹ پر تحقیقات کر کے آگاہ کیا جائے۔پی ٹی وی یونین کے جنرل سیکرٹری نے وزیر اطلاعات کو درخواست دی تھی کہ ادارے کے کھاتوں کی تحقیقات کرائی جائے، درخواست کے ساتھ تمام بڑی بڑی ادائیگیوں کے ثبوت اور کھاتوں کی نقول بھی منسلک ہیں۔واضع رہےنومبر 2018 میں ارشدخان کو قائم مقام ایم ڈی پی ٹی وی تعینات کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں