وزیراعظم چار ماہ میں ہی کہہ دے کہ مڈٹرم انتخابات ہوسکتے ہیں تو اس سے بڑی ناکامی کیا ہو گی : خورشید شاہ

رسائی نیوز نمائندہ خصوصی اسلام آباد: میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور اپوزیشن بضد ہے کہ یہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے کیوں کہ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ روز روز غیر یقینی صورتحال پیدا کرکے عوام کو آزمائش میں ڈالا جائے، ملک پہلے ہی بدترین معاشی صورتحال کا شکار ہے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت چار ماہ میں ایکسپوز ہو گئی ہے، وزیراعظم چار ماہ میں ہی کہہ دے کہ مڈٹرم انتخابات ہوسکتے ہیں تو اس سے بڑی ناکامی کیا ہو گی، عمران خان نے حکومت اور اپنی ناکامی کا اعتراف کر لیا، ایسا تو ملک کے کمزور سے کمزور وزیراعظم نے بھی نہیں کہا، حتیٰ کہ چوہدری شجاعت چند روز کے لئے آئے تھے انھوں نے بھی ایسا نہیں کہا۔ رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران خان اور حکومت کی ناکامی پارلیمنٹ کی ناکامی ہر گز نہیں، اب بھی فیصلے پارلیمنٹ میں ہوں تو صورتحال بہتر ہو سکتی ہے، نئے انتخابات ہوں گے یا پارلیمنٹ کے اندر تبدیلی آئے گی ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں