وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق کامیاب پروگرام کے تحت فرنچائز پوسٹ آفسز کی جانب بڑھ رہے ہیں، آفسز کے قیام کے لئے 2700 درخواستیں منظور ہو چکی ہیں، وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروس مراد سعید

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروس مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت نوجوانوں کو ذریعہ معاش کمانے کے قابل بنانے اور پاکستان کو غربت سے نکالنے کے لئے کامیاب پروگرام کے تحت فرنچائز پوسٹ آفسز کی جانب بڑھ رہے ہیں، نوجوان کامیاب ہوگا تو پاکستان کامیاب ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان پوسٹ اور بینک آف پنجاب کے درمیان کامیاب جوان پروگرام کے تحت فرنچائزڈ پوسٹ آفسز کے قیام کے لئے قرضے کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار اور بینک آف پنجاب کے شکر گزار ہیں جس کی وجہ سے آج یہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان پوسٹ آفس نوجوانوں کو فرنچائز پوسٹ آفس سے کے قیام کے لئے منظوری دے گا جبکہ بینک آف پنجاب کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 10 ہزار سے زائد نوجوان فرنچائز پوسٹ آفسز کے قیام کے لئے درخواستیں دے چکے ہیں جن میں سے 2700 درخواستیں منظور ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان باصلاحیت ہے جسے فرنچائز ڈیجیٹل پوسٹ آفسز کے قیام میں مالی اعانت فراہم کرکے نہ صرف اپنے پیروں پر کھڑا ہو سکتا ہے بلکہ معشت میں اپنا حصہ ڈالنے کے قابل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ باصلاحیت نوجوان دوسروں کے ذریعہ معاش کابھی ذریعہ بنے گا۔

مرادسعید نے کہا کہ وزیراعظم نے کامیاب نوجوان پروگرام کے علاوہ چھوٹے کاشتکاروں کے لئے پہلی مرتبہ قرضوں کی سہولت فراہم کی ہے جبکہ سستے گھروں کی سکیم کے تحت غریب کا چھت میسر آنے کا خواب پورا ہوتا دکھائی دے رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان سارے اقدامات کا مقصد پاکستان کے عوام کو غربت سے نکالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنچائز پوسٹ آفسز کے ذریعے صارفین کو جدید ترین سہولیات میسرآئیں گی جو برانچ پوسٹ آفسز میں دستیاب نہیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کاجب قلمدان سنبھالا تو اس وقت ادارہ زبوں حالی کا شکار تھااور خساروں کے دلدل میں دھنسا ہوا تھا۔ ہم نے پرانے بوسیدہ نظام کوجدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے پہلی دفعہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی سہولت متعارف کرائی تاکہ صارفین کو محفوظ پارسل کی بروقت ترسیل کے ذریعے اعتماد بحال کیا جا سکے۔

پہلے سال کے دوران کال سنٹرز پر 90 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئی جن کا ازالہ کیاگیا ۔ موبائل ایپلیکیشنز متعارف کرائی گئی اور تیزتر ڈلیوری کے لئے یو ایم ایس پلس سروس کا آغاز کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ الیکٹرانک منی آرڈر کے ذریعے پاکستان پوسٹ سے متعلق فیٹف کے12 تحفظات کو دور کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک منی آرڈر کو جلد موبائل فون پر بھی لائیں گے تاکہ سستی اور تیز ترین سہولت لوگوں کو گھر کی دہلیز پر میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر کے میدان میں بھی پاکستان پوسٹ نے اپنا کلیدی مقام پیدا کیا ہے اور پاکستان پوسٹ کے ریونیو میں 9 ارب روپے کا اضافہ ہواہے اور جلد ہم منافع کی جانب بڑھیں گے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہاکہ تمام سرکلز کو ٹارگٹس دیئے گئے ہیں ۔ کارکردگی کی بنیاد پر ترقی ہو گی اور کارکردگی نہ دکھانے والے افسران اور عملہ کو جبری ریٹائرمنٹ پر بھیجاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم سب نے مل کر اس ملک کو عظیم ملک بنانا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ اداروں کے خسارے کم کرکے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس وژن کی روشنی میں رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے پاکستان پوسٹ کو باصلاحیت منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔قبل ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دلی خوشی ہورہی ہے کہ پاکستان پوسٹ کی خدمات سے نوجوان استفادہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت بینک آف پنجاب کے ذریعے فرنچائز پوسٹ آفس کے قیام کے لئے 5 ارب روپے مختص کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جان کر بھی خوشی ہوئی کہ پاکستان پوسٹ کے ریونیو میں 9 ارب روپے کا اضافہ ہواہے ۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید روز اول سے ہی اس ادارے کو منافع بخش بنانے کے لئے محنت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بینک آف پنجاب کے ذریعے فرنچائز پوسٹ آفسز کے قیام کے لئے قرضوں کی فراہمی ایک ابتدائی قدم ہے ۔ دیگر بینکوں کو بھی اس میدان میں آگے لے کرآئیں گے۔

نوجوان کامیاب ہو گا تو پاکستان کامیاب ہوگا۔ ابتدا میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضے کی حد 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی جسے 20 لاکھ روپے تک لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فرنچائز پوسٹ آفسز پروگرام کے لئے قرضوں کی فراہمی کو شفاف بنایا جائے گا ج کے لئے پاکستان پوسٹ نوجوانوں کو تربیت فراہم کرے گا۔ کامیاب جوان کے بعد کامیاب پاکستان پروگرام بھی لائیں گے۔ تقریب سے وفاقی سیکرٹری مواصلات ڈاکٹر ظفر حسن، ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ خالد جاوید، بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان پوسٹ اور بینک آف پنجاب کے درمیان کامیاب جوان پروگرام کے تحت فرنچائز پوسٹ آفسز کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ خاور انصاری اور بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے دستخط کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں