وزیراعظم عمران خان کے منشور میں تعلیم، ٹیکنالوجی اور تحقیق اولین ترجیحات میں شامل ہے،ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

لاہور۔: معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے منشور میں تعلیم، ٹیکنالوجی اور تحقیق اولین ترجیحات میں شامل ہے،پی ٹی آئی تعلیمی اداروں میں اصلاحات لاکر انہیں دنیا بھر کے اداروں سے ہم پلہ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،سالانہ ترقیاتی فنڈز میں ہر ضلع کی سطح پرنہ صرف کالجز بلکہ یونیورسٹیز کے دائرہ کار کو وسیع کر رہے ہی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن راجہ یاسرہمایوں بھی موجود تھے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ن سے ش نے نکلنا ہے،ن اور ش میں گھمسان کی جنگ جاری ہے اور اس میں م پھپھے کٹنی کاکردار ادا کر رہی ہے،قیادت سے متنفر ووٹرز نے سیالکوٹ کے الیکشن میں انہیں مسترد کردیا،ن لیگ کی سیالکوٹ میں سیاسی جڑیں نسل درنسل مضبوط تھیں جو اب اکھڑ چکی ہیں،لوگ ان کی کھینچاتانی سے تنگ آچکے ہیں،جعلی راجکماری کے جلسوں والے سرکس میں مانگے تانگے کے لوگ آجاتے ہیں

لیکن الیکشن والے دن ان کے کارکنان مایوس ہوکر گھروں میں بیٹھ جاتے ہیں، باہر نہیں نکلتے، انہوں نے کہاکہ ن لیگ سے عوام کی نفرت کا اظہار ہرحلقے میں نظر آ رہا ہے،احسن سلیم بریار، میں اور مقامی قیادت سمیت پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ن لیگ کے سیالکوٹ کے مورچے میں شگاف ڈال دیا ہے، جعلی راجکماری شرمندگی سے بچنے کیلئے قرنطینہ ہوگئی ہیں، سیالکوٹ میں ہار کی شرمندگی کو چھپانے کیلئے دھاندلی کی آہ و پکار سنائی دے رہی ہے، چچا بھتیجی کا لیگ میچ چل رہاہے جو ان کی سیاسی تباہی کا باعث بنے گا، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان پر کشمیریوں کا اعتماد سب نے دیکھ لیا،آج کشمیر اسمبلی میں تبدیلی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے،تبدیلی کی نئی لہر کا کشمیر کے اس پار بھی فائدہ ہوگا،کشمیری عوام ترقی اور خوشحالی کا دور دیکھنے جا رہے ہیں،

مودی سرکارکے جھوٹے پراپیگنڈے اور جارحیت سے نجات بھی یہ تبدیلی دلائے گی،پاکستان و کشمیر لازم و ملزوم اور کشمیریوں کے ساتھ پاکستان کا رشتہ مزید مضبوط ہونے جا رہا ہے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ زرداری صاحب کی ن لیگ کے ساتھ جو یاری تڑک کرکے ٹوٹی تھی وہ اب تک نہیں جڑی،زرداری کی دوری ن لیگ کو تحریک انصاف پر حملے کیلئے مجبورکر رہی ہے،عمران خان کا مضبوط بیانیہ زرداری کی خاموشی نہیں توڑے گا کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کی جنگ لڑ رہی ہے،انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف سندھ میں بھی اپنا پرچم بلند کرنے جا رہی ہے،جیسے خیبرپختونخواہ، پنجاب،گلگت بلتستان، کشمیرکپتان کا ہوا،ایسے ہی سندھ بھی کپتان کا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں