موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے شجر کاری انتہائی اہم ، مون سون سیزن کے دوران جنگلات کا دائرہ وسیع کرنے کیلئے موثر عوامی آگاہی مہم کی ضرورت ہے، وزیراعظم عمران خان کا پشاور میں بریفنگ کے دوران اظہار خیال

پشاور۔: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے شجر کاری انتہائی اہم ہے اور اس حوالے سے ملک میں جاری مون سون سیزن کے دوران جنگلات کا دائرہ وسیع کرنے کیلئے موثر عوامی آگاہی مہم کی ضرورت ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کے روز پشاور کے دورے کے موقع پر خصوصی بریفنگ کے دوران کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم ، صوبائی وزیر ماحولیات اور جنگلات سید اشتیاق ارمڑ اور خیبر پختونخوا کے سیکرٹری ماحولیات اور جنگلات اسلام زیب خان بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر مون سون کی شجرکاری مہم کے سلسلے میں ایک پودا بھی لگایا۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں مون سون کے دوران شجر کاری کیلئے عوام کی آگاہی کی غر ض سے موثر مہم شروع کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ علاقوں کو جنگلات کے دائرے میں لایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے فلیگ شپ 10بلین ٹری فارسٹیشن پراجیکٹ کے تحت اگائے گئے جنگلات کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کیلئے خصوصی ویب سائٹ لانچ کی جانی چاہیے تاکہ عام لوگ حکومت کے مذکورہ منصوبے کی افادیت سے باخبر ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ10بلین ٹری فارسٹیشن پراجیکٹ کے تحت ا گائے گئے جنگلات پر خصوصی دستاویزی فلمیں ٹی وی پر ٹیلی کاسٹ کی جائیں اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی جائیں تاکہ عوام کو مون سون کے دوران بڑے پیمانے پر پودے لگانے کی ترغیب ملے،انھوں نے کہا کہ یہ حقیقت یقینی طور پر عام لوگوں کو شجر کاری پرآمادہ کرے گی کہ ایک زمین جو پانچ سال پہلے بنجر تھی آج حکومتی کوششوں اور جدوجہد سے سرسبز و شاداب بنا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین پاکستان مہم کے تحت اٹھائے گئے اقدامات، جنگلات کی ویڈیو اپ لوڈ کرنا یقینی طور پر عوام کو اپنی زمینوں پر زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ترغیب دے گا۔ دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان کو جاری مون سون سیزن کے دوران شجرکاری مہم اور پاکستان میں اربوں درخت لگانے کے منصوبے کی کامیابیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ صحافیوں کیلئے جلد ہی ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی دورے کا اہتمام کیا جائے گا جس کے دوران انھیں چترال اور باجوڑ سمیت ان تمام مقامات کا دورہ کرایا جا ئے گا جہاں حکومتی منصوبے کے تحت شجر کاری کی گئی ہے ۔وزیر اعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ 10بلین ٹری فارسٹیشن پراجیکٹ کے تحت لگائے گئے جنگلات اور پودوں کی تشہیر کیلئے ایک ویب سائٹ بھی لانچ کی گئی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں