وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت احساس پروگرام کے تحت معاشرے کے کمزور طبقات کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈیز کی فراہمی کے حوالہ سے اجلاس

اسلام آباد۔: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کو مہنگائی سے عام آدمی کے متاثر ہونے کا ادراک ہے، معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کیلئے حکومت ٹارگٹڈ سبسڈیز دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنی زیر صدارت احساس پروگرام کے تحت معاشرے کے کمزور طبقات کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈیز کی فراہمی کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو احساس پروگرام کے تحت غربت کے شکار خاندانوں کو ٹارگٹڈ سبسڈیز فراہم کرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو عام آدمی کو مہنگائی سے درپیش مشکلات کا احساس ہے اسی لئے معاشرے کے کمزور طبقات کو ٹارگٹڈ سبسڈیز فراہم کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کامیاب پاکستان، صحت سہولت کارڈز، احساس پروگرام موجودہ حکومت کے نمایاں منصوبے ہیں جس کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کرنا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عام آدمی کو ٹارگٹڈ سبسڈیز کے حصول کے بارے میں طریقہ کار سے آگاہ کرنے کیلئے جامع آگاہی پروگرام شروع کیا جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ احساس پروگرام نے نیشنل بینک آف پاکستان کے اشتراک سے ایک موبائل ایپ تیار کی ہے جس کے ذریعے ملک بھر میں احساس پروگرام کے تحت مستحقین کو اشیاء ضروریہ ارزاں نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ احساس پروگرام کے تحت ٹارگٹڈ سبسڈیز کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔

اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت فیاض ترین، وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کے علاوہ گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر، صدر نیشنل بینک اور سینئر حکام موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں