وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پشاور کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ ، یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی

پشاور۔: وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کو پشاور کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ گورنر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کور ہیڈ کوارٹرز آمد پر وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر انہیں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال ، جاری استحکام کی کارروائیوں ، پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے اور نئے ضم شدہ اضلاع میں جاری سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

وزیر اعظم کو پاک افغان بین الاقوامی سرحد پر سیکورٹی کی بدلتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کی گئی منصوبہ بندی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے جامع بارڈر مینجمنٹ رجیم کی افادیت اور مؤثر سرحدی کنٹرول اور داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے عملی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے خیبر پختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع میں سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی جو کہ علاقے کے پائیدار استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے اہم ہیں۔

وزیر اعظم نے کورونا ، ٹڈی دل ، انسداد پولیو مہمات اور شجر کاری کے دوران سول انتظامیہ کی معاونت پر بھی فارمیشن کے کردار کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں