نیوزی لینڈ کا 18 سال بعد پاکستان کا دورہ ،کیوی ٹیم 11ستمبر کو اسلام آبا د پہنچے گی،مہمان ٹیم اپنے دورہ پاکستان کے دوران تین ون ڈے اورپانچ ٹی -20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی

کراچی۔: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیو زی لینڈ کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، نیو زی لینڈ کی ٹیم آئندہ ماہ 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی،اس دوران مہمان ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز اورپانچ ٹی -20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ پی سی بی سے جمعرات کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔سیریز میں شامل تمام پانچ ٹی -20انٹرنیشنل میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے، جو 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔جہاں سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں رسائی کے لیے اہم ہوں گے تو وہیں پانچ ٹی -20انٹرنیشنل میچز بھی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے آئی سی سی ورلڈ ٹی -20رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کا بہترین موقع ثابت ہوں گے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئندہ سال پاکستان آئے گی ۔نیوزی لینڈ وہ پہلی ٹیم ہوگی جو پاکستان میں موجود شائقین کرکٹ کے لیے ترتیب دیئے گئے بمپر کرکٹ سیزن 22-2021 میں شرکت کے لیے پاکستان کاد ورہ کرے گی۔ نیوز ی لینڈ کے بعد انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی -20انٹرنیشنل میچز کھیلنے کراچی پہنچے گی۔آسٹریلیا کو بھی آئندہ سال فرور ی/مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا ہے کہ نیو زی لینڈ کے خلاف سیریز پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کا بہترین آغاز ہوگا۔

نیوزی لینڈ نہ صرف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح بلکہ ورلڈکپ 2019 کی فائنلسٹ ٹیم بھی ہے۔ وہ آئی سی سی کی موجودہ ورلڈٹی -20رینکنگ میں بھی تیسرے نمبر پرموجود ہے۔ مہمان ٹیم کا دورہ پاکستان شائقین کرکٹ کی توجہ اپنی طرف مبذول کروانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ایک محفوظ اور پرامن ملک ہونے کی دلیل ثابت ہوگا۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ نے ہماری درخواست پر دورے میں دو ٹی -20انٹرنیشنل میچز کے اضافے پر آمادگی ظاہر کی ۔ سیریز میں یہ اضافہ نہ صرف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو آئی سی سی ورلڈ ٹی -20ورلڈکپ کی تیاریوں میں معاونت کرے گا بلکہ اس سے نیوزی لینڈ کے کرکٹرز کو پاکستان میں مزید وقت گزارنے کا موقع بھی ملے گا، جس سے وہ پاکستانی ثقافت سے روشناس ہوسکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دور یسے پاکستان ایک مرتبہ پھر اپنی بہترین میزبانی سے دنیا کو یہ بآور کروانے میں کامیاب ہوگا کہ یہاں کرکٹ مکمل طور پر بحال ہوچکی ہے۔ اس دورے سے نہ صرف باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں بلکہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد میں اس کھیل کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا ۔ چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ ڈیوڈ وائیٹ نے کہاہے کہ ہم پاکستان کے ہوم انٹرنیشنل سیزن کے آغاز میں پاکستان کا دوبارہ دورہ کرنے کے منتظر ہیں۔ڈیوڈ وائیٹ نے کہاکہ بھارت سے باہر نیوزی لینڈ وہ پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کا دورہ کیا اور ہمارے پی سی بی کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔خوشی ہے کہ ایک مشکل وقت ختم ہونے کے بعد اب پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوچکی ہیں۔ سپر لیگ میں پاکستان 9 میچز کے بعد 40 پوائنٹس حاصل کرچکا ہے جبکہ نیوزی لینڈتین میچز کھیل کر 30 پوائنٹس حاصل کرچکا ہے۔ لیگ میں شامل سات سر فہرست ٹیمیں اور میزبان بھارت کی ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں براہ راست رسائی حاصل کرلے گی۔

نیوزی لینڈ نے اس سے قبل نومبر 2003 میں آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں 5ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے تھے۔ 2003 کے بعد پاکستان اب تک تین مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کرچکا ہے تاہم یہ تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے۔ سیریزکے شیڈول کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم 11ستمبر کو اسلام آبا د پہنچے گی اور 12سے14 ستمبرتک روم آئسولیشن کے بعد 15اور16ستمبرکو ٹریننگ،پریکٹس اورانٹرا اسکواڈ میچ کھیلے گی جبکہ راولپنڈی میں کھیلے جانے والے تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کا پہلا میچ 17ستمبر،

دوسرا میچ 19 ستمبراور تیسرا میچ 21 ستمبرکو کھیلا جائے گا۔ اسی طرح لاہور میں25، 26، 29 ستمبر جبکہ یکم اور 3 اکتوبر کو پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں