نومبر1947 کو بھارت نے کشمیریوں پرظلم کے پہاڑگرائے، وزیر مملکت فرخ حبیب

اسلام آباد۔: وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ نومبر1947 کو بھارت نے کشمیریوں پرظلم کے پہاڑگرائے، لاکھوں مسلمانوں کوبے رحمی سے قتل کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہداء جموں کے موقع پر اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ آزاد جموں کشمیر، پاکستان اور پوری دنیا میں شہداء جموں کشمیر کو زبردست انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ 6 نومبر1947 کو بھارت نے کشمیریوں پرظلم کے پہاڑگرائے، لاکھوں مسلمانوں کوبے رحمی سے قتل کیا گیا۔ فرخ حبیب نے کہا کہ بدمست ہاتھی ہندوستان اورمہاراجہ ہری سنگھ نے مسلمان کے خون سے ہولی کھیلی- انہوں نے کہا کہ غیرقانونی طور پر بھارت کےزیر تسلط جموں وکشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کر کے جغرافیائی تبدیلی پر عالمی برادی کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عالمی سطح پر مظلوم اور نہتے کشمیریوں کامقدمہ اسی جرات اور بہادری کے ساتھ لڑتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں