نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ بالکل نارمل ہے : فیاض الحسن چوہان

رسائی نیوز نمائندہ خصوصی لاہور: میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے مریم نواز اور مسلم لیگ (ن) کا میڈیا سیل نواز شریف کی صحت کے حوالے سے شور مچا رہا ہے حالانکہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ بالکل نارمل ہے۔ آل شریف جھوٹ بولنا چھوڑ دیں، آپ نے سپریم کورٹ اور عوام کے سامنے جھوٹ بولا۔ حمزہ شہباز نے کل ایوان میں تقریر کی لیکن اوپر نظر تک نہیں اٹھائی، ان کی آنکھیں اور زبان سانحہ ساہیوال پر بات کرتے ہوئے ساتھ نہیں دے رہی تھی، شرمندگی ان کے چہرے سے عیاں تھی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نواز شریف ہائی پروفائل مجرم ہیں، وہ قانون کے مہمان ہیں، جیل میں انہیں 100 فیصد پروٹوکول دیا جاتا ہے، پنجاب اور وفاقی حکومت کی جانب سے نواز شریف پر کوئی بندش نہیں، ان کے لیے گھر سے کھانا بھی آتا ہے، نواز شریف کو ان کی ایک مرغوب غذا لندن سے منگوا کردی گئی۔
وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ایوان کو ان کیمرا بریفنگ دی گئی، یہی وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا نیا پاکستان ہے۔ وزیراعظم نے کہہ دیا ہے سانحہ ساہیوال کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنا دیا جائے گا، آصف زرداری، مراد علی شاہ اور بلاول بھٹو سن لیں، سب سے پیارا پاکستان ہے، عوام پاکستان کے خلاف بات کرنے والے کی زبان گدی سے پکڑ کر کھینچ لیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں