نریندرمودی کی سیاست انسانوں کو تقسیم کرنا اور نفرتیں پھیلانا ہے : وزیر اعظم عمران خان

رسائی نیوزنمائندہ خصوصی تھرپارکر:وزیراعظم عمران خان نے تھر پارکر سندھ کے علاقے چھاچھرو کے عوام میں صحت کارڈز تقسیم کیے۔ اس موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نریندر مودی کی سیاست انسانوں کو تقسیم کرنا اور نفرتیں پھیلانا ہے اس لیے پلوامہ کے بعد کشمیریوں کے ساتھ ظلم کیا اور مشتعل ہجوم نے مسلمانوں پر تشدد کیا، الیکشن میں کامیابی کے لیے نریندر مودی نے پاکستان کیخلاف جنگ کا ماحول بنایا، ہم نے بار بار واضح کیا کہ جنگ نہیں چاہتے ہم امن چاہتے ہیں اس لیے بھارتی پائلٹ کو رہا کیا، کسی کو کوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اب چاہے بھارت ہو یا کوئی سپر پاور، میں اور قوم آخری گیند تک اپنی آزادی کےلیے لڑیں گے، فوج اور عوام دونوں تیار ہیں، بھارت اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ کچھ کیا تو جوابی کارروائی نہیں ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے فیصلہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کسی مسلح گروہ یا کالعدم تنظیموں کو کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، جب سے ہماری حکومت آئی تو ہم نے اس پر معاملے پر کام کیا، اس کا صرف مقصد پاکستان کی بہتری ہے، پاکستان کی زمین کو کسی قسم کی دہشتگردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ان کے پورے حقوق دیے جائیں گے ،اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے برابر کے شہری ہیں ان کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی یا ظلم نہیں ہونے دیں گے، نفرتوں اور تقسیم کرنے کی سیاست کو ختم کریں گے،اب وہ دور نہیں رہا کہ لوگوں کو تقسیم کرکے ووٹ حاصل کیے جائیں،ایک آدمی نے اقتدار کے لیے لوگوں میں نفرتیں پھیلائیں جس سے کراچی کی تباہی ہوئی اور سرمایہ کار ملک چھوڑ کر چلے گئےاگر ایسی سیاست نہ ہوتی تو کراچی دبئی کا مقابلہ کررہا ہوتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں