موجودہ حکومت کشمیریوں کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے،مظلوم کشمیریوں کو حق دلوانا عمران خان کا مشن ہے، علامہ طاہرمحمود اشرفی

لاہور۔: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہرمحمود اشرفی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کشمیریوں کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے،مظلوم کشمیریوں کو حق دلوانا عمران خان کا مشن ہے، کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں آواز بلند کی جارہی ہے، وزیر اعظم عمران خان ہر فورم پرکہتے ہیں کہ بھارت سے بات چیت کا راستہ کشمیر سے ہو کرجاتا ہے، جب تک بھارتی جابرانہ اور ظالمانہ قدم واپس نہیں ہوگا کوئی بات نہیں کریں گے، اسوقت تک مظلوم کشمیریوں کیساتھ کھڑے رہیں گے جب تک انہیں خود ارادیت نہیں دیاجاتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ علامہ طاہرمحمود اشرفی نے کہا کہ بھارت کشمیر میں فلسطین کی طرح زمین پر قابض ہے عالمی دنیا اس طرف توجہ کرے، انسانی حقوق کی بات کرنے والے جانوروں پر رحم کرنے کی بات تو کرتے ہیں لیکن کشمیر میں لاک ڈائون پر کیوں بات نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ سالہا سال سے لاک ڈائون میں زندگی گزار رہے ہیں، آزادی کشمیر کیلئے منظم جدوجہد کی ضرورت ہے جس کی طرف توجہ دلا رہے ہیں۔

علامہ طاہرمحمود اشرفی نے کہا کہ آج جمعتہ المبارک کو مساجد میں کشمیریوں کے حقوق اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کریں گے، مودی ہٹلر سے زیادہ کشمیرمیں مظالم کررہاہے، کشمیری پاکستانی پرچم تھام کر سڑکوں پر کھڑے ہیں،کشمیر کا مسئلہ نہ صرف امت مسلمہ بلکہ دنیا کا مسئلہ بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کشمیریوں کے سفیر بن کر انکی بات دنیا بھر میں بھر پور طریقے سے کررہے ہیں،اسلامی تعاون تنظیم سمیت دیگر تنظیمیں کشمیریوں کے حقوق کی آواز اٹھا رہی ہیں، آر ایس ایس دہشت گردوں کا جو نظریہ ہے اسے دنیا کو دکھانا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صادق آباد مندر میں توڑ پھوڑ پر قانون کے مطابق کارروائی شروع ہو چکی ہے، جو مندروں پر توڑ پھوڑ کرتے ہیں وہ غیر قانونی ہے، جو قانون توڑتا ہے اس کا راستہ خود قانون بنالیتاہے، رابطہ سنٹر بنا رہے ہیں اگر ناگہانی صورتحال پیدا ہو تو مسئلے کو حل کریں گے۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ بھارت پاکستان میں بدامنی پھیلانا چاہتا ہے، اگر مسئلہ کشمیر کیلئے دنیا کھڑی ہو جائے گی اور جان جائے گی کہ خطے میں امن کا راستہ کشمیر کا حل ہے تو مسئلہ کشمیر حل ہوجائیگا،مظلوم کشمیریوں کو حق دلوانا عمران خان کا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان صورتحال پر امریکہ کو بات کرنی چاہئیے تھی، مندر میں جس نے توڑپھوڑ کی اس کے خلاف ایکشن ہوگا،انتہا پسندانہ سوچ کا خاتمہ ہونا چاہئیے، موجودہ حکومت نے غیر مسلموں کو آزادی سے رہنے کا حق دیاہے،کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اسلامی تعاون تنظیم پاکستان کے موقف کے ساتھ کل اور آج بھی ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں