معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بہتر اور کم لاگت کے بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر کیلئے پرعزم ہیں،،وزیراعظم عمران خان کا سیالکوٹ ۔کھاریاں راولپنڈی موٹر وے کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس سے خطاب

اسلام آباد۔: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بہتر اور کم لاگت کے بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر کیلئے پرعزم ہیں، سیالکوٹ۔کھاریاں موٹروے منصوبہ گیم چینجر ثابت ہو گا، ملک کے قیمتی مالی وسائل کی بچت کیلئے معیاری اور کم لاگت کی سڑکیں تعمیر کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سیالکوٹ ۔کھاریاں راولپنڈی موٹر وے کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، وزیراعظم کے مشیر خزانہ شوکت فیاض ترین اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ہمارا مقصد ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے بہتر اور کم لاگت سڑکیں تعمیر کرنا ہے، سیالکوٹ ۔کھاریاں موٹروے کی راولپنڈی تک توسیع کا منصوبہ گیم چینجر ثابت ہو گا اور اس سے علاقہ میں سامان اور خدمات کی موثر نقل و حمل کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ این ایچ اے نہ صرف مزید نئی سڑکیں بنا رہی ہے بلکہ بہتر معیار اور کم لاگت کی سڑکوں کی تعمیر کیلئے کوشاں ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 1753 کلومیٹر کے 27 نئے سڑکوں کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ چار رویہ سڑک 17 کروڑ روپے فی کلومیٹر کے حساب سے تعمیر کی جا رہی ہے جبکہ سابق حکومتوں کے ادوار میں یہ سڑکیں 37 کروڑ روپے فی کلومیٹر کے حساب سے تعمیر کی جاتی تھیں۔

حال ہی میں شروع ہونے والی سیالکوٹ ۔کھاریاں موٹروے سابق حکومت کی طرف سے تعمیر کی جانے والی سیالکوٹ۔لاہور موٹروے سے 10 کروڑ روپے فی کلومیٹر کم لاگت سے تعمیرکی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملک کے قیمتی مالی وسائل کو بچانے کے لئے کم سے کم ممکنہ لاگت پر معیاری انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں