مستقبل کی حیرت انگیز ایجادات جو زندگی کو آسان بنا دیں گی

سائنس و ٹیکنالوجی، یہ وہ شعبہ ہے جہاں ایجادات اور تجربات کا عمل کبھی نہیں رکتا اور اب انہی کا استعمال کرتے ہوئے انسان کی زندگی کو ممکنہ حد تک سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اس حوالے سے اب تک متعدد ایجادات پیش کی گئی ہیں اور مستقبل میں ان کو مزید بہتر بنانے کے لئے کام کیا جائیگا۔ ہم نے مستقبل قریب کی ایسی ایجادات کی ایک فہرست تیار کی ہے جو آج استعمال ہونے والی بہت سی عام اشیاء کی جگہ لے سکتی ہیں۔

1۔ خودکار طور پر صاف ہونے والے کپڑے:
آسٹریلوی سائنسدانوں کی جانب سے ایک ایسے کپڑے کی تیاری پر کام جاری ہے جو کہ خود کار طور پر صاف ہوجائیگا اور اسے دھونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

2۔ بجلی پیدا کرنے والی کھڑکیاں:
سائنسدان ایسی کھڑکیوں کی تیاری کا سوچ رہے ہیں جو ایک سولر پینل کی طرز پر کام کریں گی اور گھروں کو اندر سے ٹھنڈا رکھنے کے کام بھی آئیگی۔

3۔ روبوٹک کتے:
روبوٹکس میں دنیا بہت آگے چلی گئی ہے اور اب تو ان ننھی مشینوں کا استعمال مختلف شعبہ ہائے جات میں پھیلتا جا رہا ہے۔ ماہرین ایک ایسے روبوٹ کی تیاری پر کام کر رہے ہیں جو کہ کتے کی شکل کا ہوگا اور یہ ان لوگوں کے استعمال کے لئے ہوگا جو کہ نابینا ہیں۔ بینائی سے محروم افراد کو یہ رہنمائی فراہم کرے گا۔ ان روبوٹک کتوں میں ایسی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائیگا جو کہ راستے میں موجود رکاوٹوں اور صحیح راستوں کی رہنمائی کریگا۔

4۔ نرس روبوٹ:
نرس کو دنیا بھر میں مسیحا مانا جاتا ہے کیونکہ یہ ایک مریض کی بہت بہتر دیکھ بھال کرسکتی ہیں۔ اس حوالے سے بعض ماہرین کا ماننا ہے کہ اب بہت سے شعبوں سے نرسوں کی جگہ روبوٹ کا استعمال کیا جائے تاکہ مریضوں کی دیکھ بھال مزید بہتر انداز میں کی جا سکے۔

5۔ نیل بوٹ:
خواتین کی سب سے پسندیدہ جگہ بیوٹی پالر ہوتی ہے جہاں ان کی خوبصورتی میں مزید نکھار پیدا کرنے کے لئے الگ الگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جاتا ہے۔ لیکن اب بیوٹی پالر میں بھی روبوٹس کو استعمال کرتے ہوئے ان سے نیل آرٹ کروایا جائیگا۔

6۔ آٹو بار کوڈ اسکینر والے دروازے:
سپر اسٹورز میں شاپنگ کے بعد لمبی لائنوں میں لگ کر اپنی باری کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔ لیکن کچھ عرصے بعد ان تمام مسائل کا حل نکل آئے گا۔ ماہرین کی جانب سے ایسی ٹیکنالوجی پر کام کیا جارہا ہے جو آپ کی شاپنگ ٹرالی میں موجود اشیاء کو اسکین کر کے اس کے بل کی رقم آپ کے اکاؤنٹ سے نکال لے گی۔

7۔ لائیو میپس:
جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایسے میپس کی تیاری پر کام کیا جارہا ہے جس کے لئے آپ کو بار بار اپنا موبائل دیکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ سب کچھ آپ کی گاڑی کی اسکرین پر دیکھا جا سکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں