محرم الحرام کے دوران امن و امان ، سلامتی اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے تمام تر موثر اقدامات کیے جائیں گے،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد۔: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نےکہا ہے کہ ملک میں محرم الحرام کے دوران امن و امان ، سلامتی اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے تمام تر موثر اقدامات کیے جائیں گے۔پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں محرم کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس آن لائن اجلاس میں انسپکٹر جنرلز (آئی جیز) شرکت کریں گے تاکہ مقدس مہینے کے لیے ایک جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ افغان سفیر کی بیٹی کیس کے حقائق افغان تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ دفتر خارجہ کے ذریعے شیئر کرے گی کیونکہ کمیٹی نے اس معاملے پر اپنی تحقیقات مکمل کر لی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان تحقیقاتی ٹیم اپنی تحقیقات مکمل کرنے کے لیے پاکستان میں ہے۔

ہم اپنے دفتر خارجہ سے رابطے میں ہیں اور افغان ٹیم اسلام آباد پولیس سے پوچھ گچھ کرنے والے افراد سے مل سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نادرا اپنے آن لائن سسٹم کے ذریعے کوویڈ 19 ویکسین سرٹیفکیٹ جاری کرے گا تاکہ 64 ممالک کے ہوائی اڈوں پر پاکستانیوں کی سہولت ہو۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ڈپلومیٹک انکلیو میں فول پروف سیکورٹی سسٹم بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو میں 190 نئے سیکورٹی کیمرے لگائے جائیں گے تاکہ علاقے کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو میں داخلے کے لیے حکومت سفارتکارو ں یا قانونی ملکیت اراضی رکھنے والوں کو خصوصی کارڈ جاری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے کو وفاقی دارالحکومت میں سیلاب جیسی صورتحال کے دوران فوری مدد کو یقینی بنانے کے لیے 1122 سروس شروع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے کیونکہ یہاں ایسی کوئی فوری سروس دستیاب نہیں تھی۔شیخ رشید نے کہا کہ اس مقصد کے لیے نئی گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ڈی سی اسلام آباد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں تمام غیر قانونی تعمیرات کو ہٹایا جائے جو کہ نالوں پر قابض ہیں جس کے باعث جان و مال کا نقصان ہوا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے ، نادرا اور سائبر کرائم ونگ میں عہدیداروں کے تبادلہ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہے کیونکہ لوگوں نے پچھلے کئی سالوں سے پوسٹوں پر قبضہ کر رکھا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف ممالک میں کام کرنے والے پاسپورٹ آفس کے 64 ملازمین کو بھی 30اگست تک پاکستان واپس آنے کے لیے کہا گیا ہے جبکہ دیگر ملازمین کو ان پوسٹوں پر میرٹ پر تعینات کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چین ہمارا مخلص دوست ہے اور پاکستان میں کام کرنے والے چینیوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک افغان سرحد سے کوئی غیر قانونی نقل و حرکت نہیں ہوئی ،صرف 208 افراد قانونی دستاویزات کے ساتھ بلوچستان سرحد سے پاکستان پہنچے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز پاک افغان بارڈر پر اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہی ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے ان تمام نادرا عہدیداروں کو برطرف کر دیا ہے جو کراچی اور دیگر شہروں میں جعلی شناختی کارڈ کے معاملے میں ملوث تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو پاکستان مسلم لیگ (ن) یا پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے کوئی خطرہ نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کو اندرونی محاذ آرائی کا سامنا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 5 اگست کو بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سرگرمیوں کا اہتمام کریں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے راولپنڈی میں خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں اور ہسپتالوں کو وینٹی لیٹر سمیت مزید سامان فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ سیاچن کا دورہ کرنے کے لئے بہت پرجوش تھے لیکن موسم خراب ہونے کی وجہ سے ان کا طے شدہ دورہ ملتوی کرنا پڑا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں