متحدہ عرب امارات انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے انٹرپول کے آپریشن میں شامل

ابوظہبی۔: متحدہ عرب امارات دنیا بھر میں بین الاقوامی پولیس ایجنسی (انٹرپول) کے تحت انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے آپریشن لبرٹیرا میں شامل ہوگیا ہے،اس سے پہلے اس آپریشن میں 47 ممالک شریک تھے۔ یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق غیر قانونی تارکین وطن کی بیرون ملک منتقلی اور انسانی سمگلنگ کا دھندا کرنے والے سمگلروں اور گینگ کے خلاف یہ مشترکہ بین الاقوامی کارروائی اس ماہ کے اوائل میں شروع کی گئی تھی،جس کے نتیجے میں اب تک دنیا بھر میں 286 افرادکو گرفتار کیا گیا ہے،ان میں سے 12کو یواے ای میں گرفتار کیا گیا ہے۔یواے ای کی وزارتِ داخلہ کے مطابق اس عالمی کارروائی میں انسانی سمگلنگ کا شکار ہونے والے 430 متاثرین اور 4ہزار غیرقانونی تارکین وطن کو بچا لیا گیا ہے۔

انٹرپول نے بتایا ہے کہ مختلف ممالک سے قانون نافذکرنے والے اداروں کے حکام نے 5 سے 9 جولائی تک آپریشن لبرٹیرا میں حصہ لیا ہے۔انھوں نے چیک پوائنٹس اور ہوائی اڈوں پر معائنے کی تقریباً 5لاکھ کارروائیاں کی ہیں۔اس کے علاوہ انھوں نے انٹیلی جنس اور تحقیقات کی مدد سے انسانی سمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی جگہوں پر بھی چھاپے مارے ۔

یو اے ای کی ایجنسیوں نے اس آپریشن کے متوازی انسانی سمگلنگ سے متعلق شعوراجاگرکرنے کے لیے آگہی کی ایک مہم بھی شروع کی ہے۔اس میں سیاحتی عملہ ،پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیوروں ، صنعتی علاقوں کے ورکروں ،گھریلو ورکروں اور بھرتی دفاتر کو انسانی سمگلنگ کے مختلف طریقوں،شکلوں اور ذرائع کے بارے میں آگاہ کیا جارہا ہے۔

امارات کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ عہدیدار لیفٹیننٹ کرنل دانا حمید کا کہنا ہے کہ انسانی سمگلنگ اس وقت دنیا کے ممالک کے لیے سکیورٹی کا ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے،منظم جرائم پیشہ گروپوں کی قیادت میں یہ اب اربوں ڈالرمالیت کی صنعت کا روپ دھار چکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں