قانون سازی کا معاملہ؛ اسپیکر قومی اسمبلی کا اپوزیشن لیڈر سے ایک اور رابطہ

اسلام آباد: قانون سازی کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے ایک اور رابطہ کرلیا۔ واقعہ ٹائم کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو باضابطہ خط لکھ دیا ہے، جس میں اپوزیشن لیڈر سے انتخابی اصلاحات بل سمیت دیگر اہم قوانین پر اتفاق رائے کے لئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اسپیکر اسد قیصر نے خط میں اپوزیشن لیڈر کو یقین دہانی کرائی کہ اسپیکر آفس اس ضمن میں حکومت اور اپوزیشن کو بات چیت کے لئے مکمل سہولت فراہم کرے گا، اپوزیشن لیڈر اس ضمن میں اپنا کردار ادا کریں، تاکہ پارلیمانی کمیٹی برائے قانون سازی اس پر دوبارہ سے بات چیت کرے، انتخابی ترمیمی بل قومی اسمبلی سے منظور ہوچکا ہے، لیکن سینیٹ سے منظور نہیں ہوا، حکومت نے اس بل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے، چاہتے ہیں کہ پارلیمانی کمیٹی برائے قانون سازی بل پردوبارہ سے بات چیت کرے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ قانون سازی کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے اراکین پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی تھی، جو اپنی سفارشات دینے میں ناکام رہی، سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر الیکشن ترمیمی بل کے معاملے ہمیں اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا، شہباز شریف اس حوالے سے اتفاق رائے پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، اسپیکر آفس حکومت اور اپوزیشن کے ساتھ پر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں