غیر ملکی سیاح بھی پاکستان اور پاک فوج کے مداح نکلے

اسلام آباد: غیر ملکی سیاح بھی پاکستان اور پاک فوج کے مداح نکلے۔ پاک فوج شمالی علاقوں میں سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو سیکیورٹی اور سہولت کی فراہمی میں پیش پیش ہے۔ حال ہی میں اسکردو آنے والے امریکی اور برطانوی سیاحوں نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کی دل کھول کر تعریف کی۔ اسکردو آنے والے امریکہ کے کونن بلیس نے کہا کہ سال 2015 میں بھی جب ہم نے قراقرم ہائی وے پر سفر کیا تھا تو پاک فوج نے ہمیں سیکیورٹی دی تھی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو بین الاقوامی سیاحت کے مرکز کے طور پر پروموٹ کر رہے ہیں۔کونن بلیس نے نئی سڑکوں کی تعمیر اور SCO کی طرف سے سیاحوں کے لیے 4G کی سہولت فراہم کرنے کا خصوصی ذکر کیا۔اس موقع پر برطانیہ کے روب لوکاس نے کہا کہ اُن کے پاکستان آنے کا تجربہ انتہائی زبردست رہا۔ جب ہمیں بیس کیمپ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لفٹ کیا گیا تو میں نے انسٹا گرام پر پوسٹ کر دیا کہ ہم پاکستان آرمی کے ہاتھوں میں ہیں اور ہم محفوظ ہیں۔برطانیہ کے ہی کینٹین کول نے کہا کہ سیاح پاکستان کو ایک دلفریب مقام کے طور پر یاد رکھیں گے جبکہ یہاں کے لوگ، یہاں کی خوراک اور قدرتی ماحول سب بہت خوبصورت ہیں۔

واضح رہے کہ آئے روز پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے اور سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان آنے والے غیر ملکی سیاح حکومت پاکستان اور پاک فوج کی سہولیات، سیکیورٹی اور دیگر معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں