صہیب مقصود انجری کے باعث پاکستان کے ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر

صہیب مقصود کمر کی انجری کے باعث پاکستان کے ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ای ایس پی این کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صہیب مقصود کو پیٹھ کے نچلے حصے پر ایم آر آئی اسکین میں انجری ظاہر ہونے کے بعد آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر کردیا گیا ہے۔

صہیب مقصود 6 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نیشنل ٹی 20 کپ کے دوران کمر کی انجری میں مبتلا ہو گئے تھے جس کی وجہ سے انہیں آرام اور وسیع بحالی کے عمل سے گزرنا پڑا۔ صہیب مقصود کے متبادل کا اعلان جلد متوقع ہے۔ 34 سالہ مڈل آرڈر بلے باز پانچ سال کے وقفے کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کے بعد سے اچھی فارم میں تھے۔

انہون نے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے حالیہ دوروں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے ملتان سلطانز کو اس سال پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے میں بھی مدد دی تھی جس میں 12 اننگز میں انہوں نے پانچ نصف سنچریاں اسکور کیں اور لیگ میں کسی دوسرے کھلاڑی کے مقابلے میں باؤنڈریز میں زیادہ رنز حاصل کیے تھے۔

2020 کے آغاز سے اور اس سیزن کے پی ایس ایل تک صہیب مقصود پاکستان کے بلے بازوں میں سب سے زیادہ ٹی 20 اسٹرائیک ریٹ اور عالمی فہرست میں نویں نمبر پر رہے ہیں۔ پاکستان اپنی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیمپین کا آغاز 24 اکتوبر کو دبئی میں بھارت کے خلاف ایک ہائی پروفائل میچ سے کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں