صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز بارے بریفنگ اجلاس

اسلام آباد۔: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جامعات پر زور دیا ہے کہ طلبہ کو سستی اور آسان تعلیم کی فراہمی کے لئے ہائبرڈ تعلیم کے حصے میں اضافہ کریں، سائبر وار فیئر سے پیدا ہونے والے مستقبل کے سیکورٹی خطرات سے نمٹنے کے لئے طلبا کو جدید آئی ٹی صلاحیتوں سے لیس کیا جائے۔ وہ بدھ کو یہاں ایوان صدر میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کے بارے میں بریفنگ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین محمد نعیم، ریکٹر ڈاکٹر ناصر مجید مرزا، ڈینز اور سینئر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر بریفنگ میں ریکٹر ڈاکٹر ناصر مجید مرزا نے ملک میں پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ میں ادارے کے کردار اور کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ انسٹیٹیوٹ مختلف شعبوں میں تعلیمی اور تربیتی پروگرام منعقد کررہا ہے، فزکس اور الیکٹریکل انجینئرنگ جیسے شعبوں میں 5000 سے زائد طلباء فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔ صدر مملکت نے انسٹی ٹیوٹ کی کامیابیوں خصوصا ً ملک کی سائنسی ترقی میں اس کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جامعات تحقیق کا میدان وسیع کرنے اورجدید دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے طلباء کی فکری ترقی پر توجہ دیں۔ صدر مملکت نے یونیورسٹی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کی تعداد بڑھائے تاکہ وہ ملک کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اچھی شہرت کی عالمی جامعات کی مہارت ، تحقیق سے استفادہ کرنے کیلئے تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں