صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت ایوان صدر میں خصوصی افراد کی بہبود سے متعلق اجلاس

اسلام آباد(ویب ڈیسک): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کو سہولت فراہم کرنے کے لئے الیکٹرک وہیل چئیرز، اعضاءاور متعلقہ لوازمات پر کسٹم ڈیوٹی سے استثنیٰ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ افراد باہم معذوری کو ہنرمند اور ان کے کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنانا ہو گاان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں خصوصی افراد کی بہبود سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری وزارت انسانی حقوق اکرام اﷲ خان نے وزارت کی جانب سے اس تناظر میں کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ افراد باہم معذوری کو ہنرمند اور ان کے کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا،خصوصی افرادکے روزگار اور صحت کی ضروریات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو معاشرتی اور معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، خصوصی افراد کو بااختیار بنانا حکومت اور معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق ہر شعبہ میں معذوری کی سطح جانچنے کیلئے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دے۔ صدر مملکت نے خصوصی افرادکی تعلیم کے لئے اساتذہ کو تربیت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں