شہبازشریف کی عدالت پیشی؛ پولیس اورنواز لیگ کے کارکنوں کے درمیان جھڑپ

رسائی نیوز نمائمندہ خصوصی لاہور:قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو جوڈیشل کمپلیکس لاہور میں احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن کے روبرو پیش کردیا گیا، نیب پراسیکوٹر وارث علی جنجوعہ نے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی ہے۔ شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت جوڈیشل کمپلیکس جانے والے تمام راستوں اور گلیوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔ (ن) لیگی کارکنوں سے نمٹنے کے لئے واٹر کینن بھی منگوائی گئی، سیکرٹریٹ چوک میں پولیس اور اینٹی رائٹ دستوں نے لوہے کی مضبوط جالیوں کی حفاظتی دیوار قائم کر دی جب کہ عدالت کے احاطے میں رینجرز کے اہلکار بھی موجود ہیں۔ اس موقع پر لوئر مال روڈ کی دونوں سڑکوں کو ایم اے او کالج سے پی ایم جی چوک تک کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا، جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف میں قائم دکانیں، ورکشاپس اورر پٹرول پمپس بند کروا دیئے گئے۔ اس راستے پر آنے والی ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑا جارہا ہے۔ سڑکوں اور راستوں کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہباز شریف کی عدالت پیشی کے موقع پر (ن) لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد عدالت پہنچ گئی، جنہوں نے شہباز شریف کی تصاویر والے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ کارکنوں نے عدالت میں گھسنے کے لیے رکاوٹوں کو ہٹانے کی کوشش کی تو پولیس نے لاٹھی چارج شروع کردیا۔ پولیس نے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں