شاعرمشرق ڈاکٹرعلامہ اقبالؒ کا آج 141 واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے

مفکر پاکستان اور شاعر مشرق ڈاکٹرعلامہ اقبالؒ کا 141 واں یوم پیدائش آج ملک بھرمیں نہایت عقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے، علامہ اقبالؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے ملک بھر میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے جب کہ لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مصور پاکستان کو پاک بحریہ اور پاک رینجرز کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔ مزار اقبال پر پاک نیوی کے دستے نے پاک رینجرز سے چارج سنبھال لیا، اسٹیشن کمانڈر نیوی کموڈور نعمت اللہ نے بطور مہمان خصوصی پریڈ کا معائنہ کیا، مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑہائی اور فاتحہ خوانی کی۔ مہمان خصوصی نے کتاب یادداشت میں اپنے تاثرات محفوظ بھی کئے۔
یاد رہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث مزار اقبال پر عام عوام کا داخلہ بند رکھا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں