سینیئرطالبان کمانڈر ملا عبدالمنان امریکی فضائی حملے میں ہلاک

رسائی نیوزویب ڈیسک: ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات افغان صوبے ہلمند کے ضلع نوزاد میں امریکی طیاروں نے افغان طالبان کے مشتبہ ٹھکانے پر حملہ کیا۔ جس میں 29 طالبان ہلاک اور کئی زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں طالبان کی جانب سے ہلمند کے لئے مقرر کئے گئے گورنر اور عسکری سربراہ ملا عبدالمنان اخوند بھی شامل ہیں۔ افغان طالبان نے ملا منان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا تک اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔ افغان وزارتِ خارجہ کے ترجمان نجیب دانش نے کہا ہے کہ ملا منان کی موت طالبان کے لیے بہت بڑا دھچکہ ہے۔ یاد رہے کہ صوبہ ہلمند کو افغان طالبان کے سب سے بڑے گڑھ کے طور پر جانا جاتا ہے۔ 2014 میں برطانوی فوج کے انخلا کے بعد سے صوبے کے بیشتر حصے پر افغان طالبان کا تسلط ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں