سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دو روزہ سرکاری دورے پر الجزائر پہنچ گئے

رسائی نیوزویب ڈیسک: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان عرب ممالک کے سرکاری دورے پر الجزائر پہنچ گئے ہیں، جہاں الجزائر کے وزیراعظم احمد اویحٰیی نے ولی عہد کا پُرتپاک استقبال کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دو روزہ سرکاری دورے کے پہلے روز ولی عہد محمد بن سلمان اور الجزائر کے وزیراعظم کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تجارتی تعاون میں اضافے پر اتفاق ہوا۔ سعودی عرب اور الجزائر کے درمیان تجارتی اور معاشی تعلقات نہایت خوشگوار ہیں، حالیہ دورے میں دونوں ممالک کے درمیان تیل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی تجارت سے متعلق اہم معاہدوں کا امکان بھی ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عرب ممالک کے دورے کا آغاز بحرین سے کیا تھا اور بلاتعطل متحدہ عرب امارات، تیونس اور مصر کے مختصر دورے کیے۔ تاہم ولی عہد 30 نومبر کو جی-20 سمٹ میں شرکت کے لیے ارجنٹائن پہنچے، سمٹ کے اختتام کے بعد معطل شدہ عرب ممالک کے دورے کا دوبارہ آغاز موریطانیہ سے کیا۔ یاد رہے کہ عرب ممالک کی نیٹو فورس کی تشکیل اور استنبول کے سعودی قونصل خانے میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے پیدا ہونے والے عالمی دباؤ کے پیش نظر ولی عہد محمد بن سلمان کے پہلے عالمی دورے کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں