سروسز اسپتال میں دوران آپریشن خاتون سے مبینہ زیادتی کا واقعہ وزیرصحت نےنوٹس لےلیا

رسائی نیوز نمائندہ خصوصی لاہور: سید پور ملتان روڈ کی رہائشی 35 سالہ خاتون کو 3 روز قبل آپریشن کیلئے سروسز ہسپتال کے سرجیکل زنانہ ٹو وارڈ میں داخل کیا گیا۔ اگلے روز صبح آپریشن کے بعد خاتون کو شام کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ خاتون کے مطابق اسے گھر آکر محسوس ہوا کہ آپریشن تھیٹر میں بے ہوشی کی حالت میں اسے زیادتی کانشانہ بنایا گیا۔ خاتون نے اپنے بہن بھائی کو اطلاع دی جو اسے شیخ زید ہسپتال لے گئے جہاں سے پولیس کے ہمراہ اسے میڈیکل چیک اپ کیلئے سروسز ہسپتال بھیج دیا گیا۔ میڈیکل کرانے کے بعد شادمان پولیس نے خاتون کی درخواست پر آپریشن تھیٹر کے عملہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریضہ کو غلط فہمی ہوئی ہے، زیادتی کے شواہد نہیں ملے، متاثرہ خاتون کے سیمپلز فرانزک لیب بھجوا دیئے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے واقعہ کا نوٹس لے کر فوری تحقیقات کا حکم دے دیا اور طبی معائنے کیلئے 4 لیڈی ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈتشکیل دینے کی ہدایت کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں