دوہری شہریت کیس میں زلفی بخاری ، وزیراعظم عمران خان سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے

رسائی نیوزاسلام آباد: سپریم کورٹ میں دوہری شہریت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا دوہری شہریت پر کوئی رکن اسمبلی نہیں بن سکتا، یہ عہدے اسی لئے بنائے گئے جو ایم این اے نہیں بن سکتا اسے مشیر لگا سکیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے معاون خصوصی زلفی بخاری کی نااہلی سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ وزیراعظم کے خصوصی معاون کا کوئی عہدہ ہی نہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ معاون خصوصی کا عہدہ وفاقی وزیر یا وزیر مملکت کے برابر کیسے ہوتا ہے ؟ درخواست گزار کے مطابق زلفی بخاری دوہری شہریت رکھتے ہیں، دوہری شہریت رکھنے والا رکن پارلیمنٹ یا وزیر نہیں بن سکتا، یہ عہدے اسی لئے بنائے گئے ہیں کہ جو ایم این اے نہیں بن سکتا اسے مشیر لگایا جا سکے۔ عدالت عظمیٰ نے وزیراعظم عمران خان سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں