خیبر پختون خواہ کی طرح سندھ اور پنجاب کی پولیس کو بھی بہتر کریں گے : شاہ محمود قریشی

رسائی نیوزنمائندہ خصوصی میرپورخاص: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس ملک کو کس نے لوٹا اور تباہ کیا یہ سب جانتے ہیں، پچھلے 10 برسوں میں اس ملک کو تباہ کیا گیا، لوگوں نے ہمارے آنے کے بعد بھونچال کھڑا کردیا تھا کہ معیشت کا بھٹہ بیٹھ گیا، یہ لوگ جانتے تھے کہ معیشت کا بھٹہ کون بٹھا کر گیا اور کس حالت میں ہمیں معیشت ملی تھی، پچھلے 10 برسوں میں معاشی فیصلے کس نے کیے تھے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کے پی کے کی طرح سندھ اور پنجاب کی پولیس کو بھی بہتر کریں گے، سیاسی بنیادوں پر پولیس میں کالی بھیڑوں کو لایا گیا جن کے خلاف کارروائی ہورہی ہے، پولیس کا کام لوگوں کی جان لینا نہیں بلکہ عوام کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو پاکستان کی ضرورت ہے، امریکی صدر کی عمران خان سے ملاقات ہوگی تو دونوں ممالک کے اسٹریٹیجک تعلقات مضبوط ہوں گے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور غریب کو رہنے کے لیے چھت ملے گی، بہترین معاشی پالیسی کے باعث بہت سے انویسٹر پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کررہے ہیں، ہماری تجارت اور ایکسپورٹ بڑھنی شروع ہورہی ہے، ملکی معیشت درست سمت کی طرف مڑچکی ہے، انشاء اللہ بہتری کے امکانات موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں