حکومت برآمدات بڑھانے کیلئے صنعتوں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے ملک کے بڑے چیمبرز آف کامرس کے صدور نے ملاقات کی ہے جس میں حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں اور اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ۔ وزیراعظم عمران خان سے مختلف چیمبرز آف کامرس کے صدور نے ملاقات کی ۔ تمام چیمبرز آف کامرس نے حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں اور اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا ۔ شرکاء نے وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم کو کورونا وباء کے باوجود ملک میں کامیاب معاشی پالیسیوں پر مبارکباد پیش کی ۔ملاقات میں حکومت و کاروباری برادری کا مشاورت سے ٹیکس ریونیو بڑھانے کی حکمت عملی مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ چیمبرز آف کامرس کے صدور نے کہا کہ کاروباری برادری ٹیکس دینے کیلئے تیار ہے ۔ ٹیکس نظام میں اصلاحات کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ وزیراعظم نے ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے صنعتی ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت برآمدات بڑھانے کیلئے صنعتوں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔جس سے نہ صرف تجارتی خسارہ کم ہوگا، زرِ مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔اس اقدام سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹیکس کے نظام کی بہتری کیلئے اصلاحات جاری ہیں۔تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت سے اس عمل میں تیزی اور بہتری آئے گی۔حکومت صنعت کاروں اور کاروباری برادری کے مسائل کے حل کیلئے کوشش کررہی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں