جنوری 2021 کے دوران بینک ڈیپازٹس میں 16فیصد اضافہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک): جنوری 2021 کے دوران بینک ڈیپازٹس میں 16فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جنوری 2021 کے دوران ڈیپازٹس کا حجم 17.1کھرب روپے تک بڑھ گیا جبکہ جنوری 2020کے اختتام پر بینک ڈیپازٹس کا حجم 14.7کھرب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس طرح جنوری 2020کے مقابلہ میں جنوری 2021کے دوران بینک ڈیپازٹس میں 16فیصد یعنی 2.4کھرب روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب دسمبر2020کے مقابلہ میں جنوری 2021کے دوران بینک ڈیپازٹس میں 4.4فیصد کمی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ دسمبر2020کے اختتام پر ڈیپازٹس کاحجم 17.8کھرب روپے تھا جبکہ جنوری 2021کے خاتمہ پر ڈیپازٹس کاحجم 17.1کھرب روپے تک کم ہوگیا ۔ اس طرح دسمبر2020کے مقابلہ میں جنوری 2021کے دوران بینک ڈیپازٹس کے حجم میں 70کروڑ روپے کمی واقع ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر کے نتیجہ میں بینک ڈیپازٹس کی بڑھوتری ہوئی ہے۔ دوسری جانب قومی بچت کی مختلف سکیموں پر شرح منافع میں کمی بھی بینک ڈیپازٹس کے اضافہ کے اسباب میں شامل ہے۔ ایس بی پی کے مطابق جنوری 2021کے دوران قرضوں کی فراہمی 3.7فیصد اضافہ سے 8.5کھرب روپے تک بڑھ گئی ۔ بینکاری کے شعبہ کے ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ سال 2021کے دوران بینک ڈیپازٹس میں 12تا14فیصد جبکہ قرضوں کی فراہمی میں 4تا 6فیصد اضافہ ہوسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں