جلال آباد ایئرپورٹ کے نزدیک طالبان کے حملے میں 16 افراد ہلاک

رسائی نیوزویب ڈیسک :میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگرہار کے جلال آباد ایئرپورٹ کے نزدیک واقع نجی تعمیراتی کمپنی کے دفتر پر طالبان جنگجوؤں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 16 افراد لقمہ اجل بن گئے جب کہ 6 شہری زخمی ہوئے۔ حملہ آور پیدل آئے تھے۔سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور ہلاک ہوگئے جب کہ دو حملہ آوروں نے خود کو بارودی مواد سے اُڑالیا۔ سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ کے باعث علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا ۔ریسکیو اداروں نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جب کہ سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیا ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔جائے وقوعہ پر مزید نفری تعینات کردی گئی ہے، تاہم حملے کی نوعیت اور حملہ آوروں کی تعداد کے حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں جب کہ ہلاک ہونے والے حملہ آوروں کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں