بیرون ملک اکاؤنٹس : سپریم کورٹ نے علیمہ خان کو2 کروڑ 94 لاکھ روپے ایک ہفتے میں جمع کرانے کا حکم دے دیا

رسائی نیوز نمائندہ خصوصی اسلام آباد: سپریم کورٹ میں بیرون ملک اکاؤنٹس اور جائیدادوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تو علیمہ خان اور ان کے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پراپرٹی کی خریداری کیلئے کتنا بنک قرض لیا۔ تو علیمہ خان نے جواب دیا کہ 50 فیصد بنک قرض لیا۔ وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ایف بی آر میں علیمہ خان کے ذمے 18 ملین کی رقم ہے۔سپریم کورٹ نے علیمہ خان کو ایک ہفتے میں 2 کروڑ 94 لاکھ روپے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ علیمہ خان چاہیں تو ایف بی آر حکام کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرسکتی ہیں۔ گزشتہ سماعت پر ایف بی آر کے کمشنر ان لینڈ ریونیو ڈاکٹر اشتیاق نے بتایا تھا کہ علیمہ خان نے بینک سے قرض لے کر دبئی میں فلیٹ خریدا تھا، اس کا کرایہ قسط کے طور پر بینک کو ادا کیا، پھر فلیٹ کو فروخت کر دیا، انہوں نے یہ جائیداد ظاہر نہیں کی تھی جس پر ایف بی آر نے انہیں نوٹس دیا تھا۔ اس سے قبل ایف آئی اے نے پاکستانیوں کے غیرملکی اثاثوں سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ علیمہ خان بھی دبئی میں بے نامی جائیداد کی مالک ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں