بھارت میں ٹرک نے بس کو ٹکر ماردی، 18 افراد ہلاک

لکھنؤ: بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر بارہ بنکی میں ٹرک اور بس کے درمیان ٹکر سے 18 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بس میں زیادہ تر محنت کش سوار تھے جو ہریانہ سے اپنے گھروں کو بہار جارہے تھے کہ رستے میں بارہ بنکی کے علاقے میں ان کی بس خراب ہوگئی۔ کچھ مزدور بس میں ہی سوتے رہے اور کچھ گرمی کی وجہ سے بس کے سامنے سڑک پر لیٹ گئے جبکہ ڈرائیور مکینک کو ڈھونڈنے چلاگیا۔

اسی اثنا میں پیچھے سے آنے والے ایک ٹرک نے بس کو ٹکر ماردی۔ پولیس کے مطابق بس میں 65 نشستیں تھیں لیکن گنجائش سے زیادہ 140 مسافر سوار تھے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے مرنے والوں کے اہل خانہ کے لیے فی کس 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں